ماڈل جیسی پلکوں کے شوق میں عورت کی اپنی پلکیں بھی ضائع ہو گئیں

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 15 اگست 2018 23:39

ماڈل جیسی پلکوں کے شوق میں عورت کی اپنی پلکیں بھی ضائع ہو گئیں
35 سالہ تھائی خاتون بینیاپا سپاپ جمعہ کے روز پھوکٹ میں واقع ہیئر سیلون میں گئی اور "سپر ماڈل"  جیسی  پلکوں کی ایکسٹینشن لگانے کے لیے کہا۔جب پلکیں چپکانے کا مرحلہ آیا تو بیوٹیشن نے پروفیشنل کاسمیٹک گلیو استعمال کرنے کے بجائےجلدی سے خشک ہونے والا سپر گلیو استعمال کیا۔ چند منٹوں کے اندر ہی بینیاپا کے پپوٹے سوج گئے اور جب اس نے  آنکھیں جھپکائیں تو اس کی اوپر اور نیچے کی  پلکیں آپس میں چپک گئیں جس کے بعد اس کے لیے اپنی آنکھیں کھولنا ممکن نہ رہا۔


بینیاپا  کا کہنا ہے کہ بیوٹی سیلون نے اس سے 1500 بھات (45ڈالر) ادا کرنے کا کہا تھا لیکن جب  اس نے بتایا کہ اس کی آنکھیں ہی نہیں کھل رہی تو بیوٹی سیلون نے اس سے 1000بھات وصول کیے۔
خوش قسمتی سے بینیاپا  کو  جلد ہی ایک دوسری بیوٹیشن میسر آ گئی جس نے آدھا گھنٹہ صرف کر کے اس کی آنکھوں سے سپر گلیو  ہٹایا۔

(جاری ہے)

دوسری بیوٹیشن   فارا فوساینگ نے گلیو سافٹنگ لوشن کا استعمال کیا اور سپر گلیو کو ہٹانے کے لیے کیوٹیکل پشر کی مدد لی۔

آخرکار اس عمل کے بعد 35 سالہ بینیاپا مکمل طور پر آنکھیں جھپکانے کے قابل ہو گئی لیکن اس کی پلکیں مکمل طور پر صاف ہو چکی تھیں ۔
فارا نے کہا کہ "مجھے بینیاپا کے لیے افسوس ہوا۔ جب یہ صورتحال پیش آئی ہوگی تو اسے بہت تکلیف ہوئی ہوگی۔ سپر گلیو کو صاف کرنا آسان نہیں تھا۔ یہ بہت طاقتور تھی۔ گلیو اس کے پپوٹے اور آنکھ میں چلی گئی تھی جس سے سوجن اور تکلیف ہوئی۔

یہ بہت پھولی ہوئی تھی۔"
بینیاپا نے بتایا کہ اس واقعہ کے کچھ دن بعد تک اس کی آنکھوں میں تکلیف ہوتی رہی لیکن جو کچھ ہوا مذکورہ سیلون نے اس کی کوئی بھی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے اس کی رقم بھی واپس نہیں کی۔ اس نے پولیس میں بھی سیلون کے خلاف رپورٹ درج کرانے کی کوشش کی مگر پولیس کے مطابق وہ اس معاملے میں کچھ بھی کرنے سے قاصر تھے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu