بچی کے رونے پر کنیڈین گلوکارہ کو جہاز سے اتار دیا گیا

پیر 1 جون 2015 12:28

بچی کے رونے پر کنیڈین گلوکارہ کو جہاز سے اتار دیا گیا

اونٹاریو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جون۔2015ء) کینیڈا کی ایک مقبول گلوکارہ سیرا بلیک ووڈ کو ان کی دو سال کی بچی کے رونے کی وجہ سے جہاز سے زبردستی اتار دیا گیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق سیرا بلیک ووڈ سین فرانسسکو سے وینکوور جا رہی تھیں جب رن وے پر ٹیکسی کرتے ہوئے طیارے کو روک کر انہیں اتار دیا گیا۔ سیرا بلیک ووڈ کا کہنا ہے کہ وہ سات ماہ کی حاملہ بھی ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا۔

سیرا بلیک ووڈ نے ٹوئٹر کے ذریعے اپنے غصے کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ان کے ساتھ صنفی امتیاز برتا گیا ہے۔ سیرا نے اس کے بعد ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں انہیں ایئرلائن کے ایک اہلکار سے اس معاملے پر بات کرتے دکھایا گیا۔ سیرا بلیک ووڈ نے وینکوور پہنچنے پر لکھا کہ میں وینکوور پہنچ گئی ہوں، جو سفر صرف پانچ گھنٹے میں طے ہو جانا چاہئے تھا اس میں دو دن لگ گئے، اس کے باوجود کہ میں سات ماہ کی حاملہ ہوں، ایئر لائن کی وجہ سے مجھے مسلسل دو دن تک سفر میں رہنا پڑا۔

(جاری ہے)

سکائی ویسٹ ایئرلائن نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ خاتون کی کم عمر بچی مسلسل رو رہی تھی اور اپنی جگہ بیٹھنے کے لئے تیار نہیں تھی۔ طیارے کے رن وے پر دوڑنے کے دوران بھی وہ اپنی جگہ نہیں بیٹھی رہی تھی اور دیگر مسافروں کی حفاظت کے لئے یہ ضروری تھا کہ ہم انہیں طیارے سے اتار دیتے۔ سوشل میڈیا پر اس پرواز کے دیگر مسافروں نے بھی اپنے تبصرے کئے ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ جس وقت پرواز کو واپس موڑ کر گیٹ پر لایا گیا، اس وقت تک بچی سو چکی تھی، مسافروں نے یہ بھی لکھا کہ طیارے کے عملے کا رویہ نہایت غیر پیشہ ورانہ اور خراب تھا۔

Browse Latest Weird News in Urdu