سکاٹش عورت 189 نشتوں کےجہاز پر خود کو تنہا مسافر پاکر حیران

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 26 اکتوبر 2017 23:39

سکاٹش عورت 189 نشتوں کےجہاز پر خود کو تنہا مسافر پاکر حیران
سکاٹش ناول نگار نے یونان جانے کے لیے صرف 60 ڈالر کرایہ ادا کیا تھا لیکن  189 نشتوں کےجہاز میں انہوں نے اکیلے سفر کر کے وی آئی پی سہولیات پائیں۔
کیرون گریو کا تعلق ڈنلوپ ، آئرشائر، سکاٹ لینڈ سے ہے۔ وہ Jet2 کی فلائٹ سے گلاسکو سے یونانی جزیرے کریٹ جا رہی تھیں۔ وہ  اس وقت حیران رہ گئیں، جب انہوں نے جہاز میں خود کو تنہا مسافر پایا۔
کیرون نےبتایا کہ جب وہ چیک ان ڈیسک پر پہنچی تو انہوں نے مذاق میں سٹاف سے پوچھا کہ جہاز میں کتنے مسافر ہیں۔

ڈیسک پر موجود لڑکے نے ہنس کر کیرون سےاندازہ لگانے کا کہا۔کیرون نےپہلے دس کہا پھر کم کرتے کرتے چار تک آ گئیں، اس  لڑکے نے کہا آپ اندازہ نہیں لگا سکیں، جہاز میں صرف تین مسافر جا رہے ہیں۔ جب وہ جہاز میں سوار ہونے کے لیے پہنچیں تو دوسرے مسافر نہیں آئے ، اس لیے وہ جہاز کی اکلوتی مسافر بن گئیں۔

(جاری ہے)


کیرون کا کہنا ہے کہ  ان حالات میں ان کا جہاز کے عملے سے کافی خوشگوار تعلق پیدا ہوگیا، جو دوستی میں بدل گیا۔

کیرون نے بتایا کہ جہاز کی کیپٹن بھی کچھ دیر کےلیے ان کے پاس آ کر بیٹھ گئیں اور ان سے گپ شپ کی۔کیرون نے بتایا کہ جہاز کے عملے نے انہیں وی آئی پی مسافر کے طور پر لیا۔ جہاز میں اعلان کرتے ہوئے بھی عملے نے انہیں  نام لے کر مخاطب کیا، جیسے مائیک پر اعلان کیا گیا کہ کیرون آپ کے بائیں طرف کروشیا ہے۔
ہوابازی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ  سال کے ان دنوں میں ائیرلائنز گرما کے شیڈول کو بدل رہی ہیں اس لیے  جہازوں کا کم مسافروں کو لے کر منزل مقصود پر جانا غیر معمولی بات نہیں۔


Jet2 کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس بار اُن کا سیزن خاصا مصروف رہا، جس فلائٹ میں کیرون گئی، وہ  اس سیزن میں ائیرلائن کی گلاسکو ائیرپورٹ سے کریٹ جانے والی آخری پرواز تھی۔ترجمان نے کہا کہ انہیں کیرون کے وی آئی پی مسافر کی طرح کریٹ جانے پر خوشی ہے۔ائیرلائن کا کہنا ہے کریٹ سے واپس آنے والی پرواز کی  کوئی نشت خالی نہیں تھی۔

Browse Latest Weird News in Urdu