حافظ آباد ، خاتون ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید چارج سنبھا لتے ہی ان ایکشن

شہر کی تمام اہم سڑکوں ، چوکوںاور دیگر عوامی مقامات کی صفائی ستھرائی اور بازاروں اور مار کیٹوں سے تجاوزات کے فوری خاتمہ کی ہدایات جاری کر دیں

جمعہ 10 نومبر 2017 20:41

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 نومبر2017ء)ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید نے چارج سنبھا لتے ہی شہر کی تمام اہم سڑکوں ، چوکوںاور دیگر عوامی مقامات کی صفائی ستھرائی اور بازاروں اور مار کیٹوں سے تجاوزات کے فوری خاتمہ کی واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد امتیاز شاہد گوندل کو اس عوامی ٹاسک کا انچارج مقرر کیا ہے جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت کی روشنی میں گو جرانوالہ روڈ اور دیگر سڑکوں پر صفائی ستھرائی کی موجودہ صورتحال میں فوری بہتری کیلئے میونسپل کمیٹی کے متعلقہ افسران اور عملہ صفائی کے ہمراہ کام شروع کروا دیا ہے ۔

اے سی امتیاز شاہد گوندل نے بتایا کہ انجمن تاجران اور دیگر کاروباری تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ باہمی مشاورت اور افہام و تفہیم کے ساتھ مر حلہ وار تمام اہم سڑکوں اور چوکوں سے تجاوزات کا مکمل صفایا کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں کوئی تفریق روا نہیں رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مختلف کاروباری نمائندوں کے ساتھ مل کر شہر کی مجموعی خو بصورتی میں اضافہ کیلئے بھی ٹھوس اقدامات شروع کئے جا رہے اور ان تاجر تنظیموں کے تعاون سے انہیں اپنی مخصوص مار کیٹوں اور جائے کارو بار کے سامنے اور آس پاس سڑک کی خو بصورتی اور صفائی کو بہتر بنانے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے تاجر تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات کے خاتمہ ،شہر کی صفائی ستھرائی اور خو بصورتی کیلئے مقامی انتظامیہ کے ساتھ اپنا بھر پور تعاون کریں تا کہ حافظ آباد ایک خو بصورت مثالی شہر بنایا جا سکے۔

Browse Latest Weird News in Urdu