اس ریسٹورنٹ میں انسٹاگرام فالورز کی صورت میں ادائیگی کی جا سکتی ہے

Ameen Akbar امین اکبر پیر 22 اکتوبر 2018 23:52

اس ریسٹورنٹ میں انسٹاگرام فالورز کی صورت میں ادائیگی کی جا سکتی ہے

آج کل کاروباری حلقوں میں سوشل میڈیا کے ذریعے تشہیر کا رجحان کافی بڑھ گیا ہے۔ کاروباری ادارے سوشل میڈیا پر اپنی تشہیر کرنے والی مشہور شخصیات کو بھی مفت میں اپنی مصنوعات فراہم کرتے ہیں۔ اسی سوچ کو ذہن میں رکھتے ہوئے میلان کے ایک ریسٹورنٹ نے انسٹاگرام فالورز رکھنے والے صارفین کے لیے مفت سوشی فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔
ماٹیو اور ٹاماسو پیٹاریلو میلان کے ایک ریسٹورنٹ ”دس از ناٹ اے سوشی بار“ (This Is Not a Sushibar) کے مالکان ہیں۔

وہ سوشل میڈیا کی اہمیت سے آگاہ ہیں۔اس ریسٹورنٹ میں نقد اور کارڈ سے ادائیگی کے علاوہ انسٹاگرام کی صورت میں ادائیگی کا طریقہ بھی ہے۔ اگر آپ کے انسٹاگرام پر اچھے خاصے فالورز ہیں تو آپ بھی یہاں مفت میں سوشی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کا طریقہ کار بہت سادہ ہے۔ جتنے زیادہ آپ کے فالورز ہوتے ہیں، اتنی زیادہ سوشی آپ کھا سکتے ہیں۔
اس ریسٹورنٹ میں 1 ہزار سے 5ہزار انسٹاگرام فالورز رکھنے والے افراد 1 پلیٹ سوشی، 5 ہزار سے 10 ہزار فالورز پر 2 پلیٹ، 10 ہزار سے 50 ہزار فالورز پر 4 پلیٹ، 50 ہزار سے 1 لاکھ فالورز پر 8 پلیٹ اور 1 لاکھ انسٹاگرام فالور رکھنے والے صارفین مفت میں مکمل لنج اور ڈنر کر سکتےہیں۔


اس ریسٹورنٹ میں مفت میں سوشی کھانے کےلیے انسٹاگرام صارفین کو اپنے اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کرنی پڑتی ہے۔ یہ پوسٹ @thisisnotasishibar کو ٹیگ کرنے کے ساتھ اس میں #thisisnotasushibar کا ہیش ٹیگ بھی شامل کرنا پڑتا ہے۔ انسٹاگرام صارفین کاؤنٹر پر پبلش پوسٹ دکھا کر مفت سوشی حاصل کر سکتے ہیں۔
اس ریسٹورنٹ نے یہ طریقہ ادائیگی 11 اکتوبر کو متعارف کرایا تھا۔ انسٹاگرام پر 1 ہزار فالورز کا ہونا کوئی بڑی بات نہیں، ایسے میں جلد ہی اندازہ ہو جائے گا کہ اس طریقہ ادائیگی سے ریسٹورنٹ کا منافع بڑھتا ہے یا پھر نقصان ہوتا ہے۔

اس ریسٹورنٹ میں انسٹاگرام فالورز کی صورت میں ادائیگی کی جا سکتی ہے

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu