آئرش فٹ بال کلب کا میچ ملتوی کرانے کےلیے اپنے کھلاڑی کی موت کا ڈراما

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 29 نومبر 2018 23:56

آئرش فٹ بال کلب  کا  میچ ملتوی کرانے کےلیے اپنے کھلاڑی کی موت کا ڈراما

آئرلینڈ کے شوقیہ کھلاڑیوں کے ایک فٹ بال کلب نے میچ ملتوی کرانے کے لیے اپنے ایک کھلاڑی کی موت کاڈراما رچایا ۔
آئرلینڈ کے لینسٹر سینئر لیگ کے  دوران بالی براک فٹ بال کلب کا میچ آرکلو ٹاؤن سے ہونا تھا۔ میچ سے پہلے بالی براک کے ترجمان نے اعلان کیا کہ ان کے غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے ایک ، سپانیارڈ فرنینڈو نونو لا فونٹے، ایک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

پوری لیگ یہ خبر سن کر حیران رہ گئی۔ دوسری ٹیموں کے تمام میچوں کے شروع میں  ایک ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ مرحوم کھلاڑی کی یاد میں دیگر کھلاڑیوں نے بازؤں پر سیاہ  پٹیاں باندھیں اور بہت سے کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر اپنے غم کا اظہار کیا۔تمام کھلاڑیوں کا غم اس وقت غصے میں بدل گیا جب انہیں معلوم ہوا کہ ”مرحوم“ کھلاڑی حقیقت میں زندہ ہیں اور واپس سپین چلے گئے ہیں۔

(جاری ہے)


اس سے پہلے لیگ نے بالی براک اور آرکلو کا میچ ملتوی کر دیا تھا لیکن انتظامیہ کو معلوم ہوگیا کہ فرنینڈو کو مارنے کا ڈراما میچ ملتوی کرانے کے لیےہی کیا گیا تھا۔ بالی براک کا جھوٹ اس وقت پکڑا گیا جب لیگ نے فرنینڈو کے کلب سے رابطہ کیا تاکہ مرحوم فرنینڈو کے خاندان کے لیے کچھ کیا جا سکے۔
جب حقیقت کھل گئی تو بالی براک فٹ بال کلب کے پاس بھی سب سے معافی مانگنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہا۔

کلب کے سیکریٹری پہلے ہی استعفیٰ دے چکے تھے۔ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس بھیانک غلطی کے پیچھے صرف سیکریٹری ہی تھے یا کوئی اور بھی شامل تھا۔
فرنینڈو نے بتایا کہ انہیں سپین بلا لیا گیا تھا، کچھ دیر بعد انہیں معلوم ہوا کہ اس کا نام کسی کہانی میں آیا ہے۔ فرنینڈو کا خیال تھا کہ بالی براک نے حادثے میں ان کی ٹانگ ٹوٹنے کی افواہ پھیلائی ہوگی لیکن انہیں یہ اندازہ نہیں تھا کہ انہیں مار دیا جائے گا۔
فرنینڈؤ نے بتایا کہ بالی براک کے کھلاڑی پیشہ ور فٹ بال نہیں کھیلتے۔ وہ سب ملازمت کرتے ہیں اور کچھ تو برطانیہ میں ہوتے ہیں۔ اسی وجہ سے یہ میچ ملتوی کرانے کی کوشش کی گئی ہوگی۔

Browse Latest Weird News in Urdu