نوجوان کا کرسمس پر سب گھر والوں کو ڈی این اے ٹسٹ کٹ کا تحفہ ۔ ماں کی ڈی این اے ٹسٹ کرانے کی شدید مخالفت۔ وجہ جان سے کربچوں کو ماں سے مزید محبت ہوگئی

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 28 دسمبر 2018 23:55

نوجوان کا کرسمس پر سب گھر والوں کو  ڈی این اے ٹسٹ کٹ کا تحفہ ۔ ماں کی ڈی این اے ٹسٹ کرانے کی شدید مخالفت۔ وجہ جان سے کربچوں کو ماں سے مزید محبت ہوگئی
گھر پر ہی ڈی این اے ٹسٹ کرنے کی کٹ آج کل کافی مقبول ہو رہی ہیں۔ کچھ کمپنیاں پیسے لے کر صارفین کے گھر پر ڈی این اے کٹ بھیجتی ہیں، صارفین نمونے  کے ساتھ اس کٹ کو واپس بھجوا دیتے ہیں۔ ڈی این اے کے نتائج کو کمپنی اپنی ویب سائٹ پر شائع کر دیتی ہے۔ عام لوگ اپنے آباؤ اجداد کے بارے میں جاننے کے لیے ڈی این اے ٹسٹ کراتے  ہیں ۔ اس طریقے سے جہاں بہت سے گمشدہ لوگ  اپنوں سے ملے ہیں، وہاں کئی گھر برباد بھی ہوئے ہیں۔


سوشل میڈیا سائٹ ریڈٹ   پر شائع ہونے والی ایک پوسٹ کے مطابق  ڈی این اے کٹ کے اشتہارات سے متاثر ہو کر ایک نوجوان نے کرسمس پر اپنے ماں  باپ  دو  بہنوں  اور بھائی کو  یہ کٹ تحفے میں دینے کا فیصلہ کیا۔نوجوان نے جب گھر والوں کو ڈی این اے کٹ کا تحفہ دیا تونوجوان کی ماں نے اپنے چاروں بچوں کو ڈی این اے ٹسٹ کرنے سے منع کر دیا۔

(جاری ہے)

نوجوان کی ماں نے اعتراض کیا کہ اس کٹ میں کیمیکل ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے یہ محفوظ نہیں ہوتی۔

اس پر نوجوان نے اپنی ماں کو جواب دیا کہ اس میں کوئی کیمیکل استعمال نہیں کیا جاتا۔ نوجوان کی ماں نے پھر بھی بچوں کے ڈی این اے ٹسٹ کی شدید مخالفت کی۔ کچھ دیر بعد نوجوان کی ماں نے  کہا کہ  صرف ایک بچہ ڈی این اے ٹسٹ کرا لے کیونکہ ایک بچے کا نتیجہ بھی سب کے نتیجےجیسا ہی ہوگا۔ اس طرح باقی کٹس کے پیسے بچ جائیں گے۔
نوجوان نے بتایا کہ اس کے بعد ان کے والدین ایک گھنٹے تک اوپر لڑتے رہے اور یہ نیچے بیٹھے سوچتے رہے کہ ان سب بہن بھائیوں میں سے کس کا باپ مختلف ہے۔

نوجوان  نے مزید کہا کہ ہم بہن بھائیوں نے سوچ لیا تھا کہ ڈی این اے کے  نتائج جو کچھ بھی  ہوں ، وہ ہمیشہ ایک دوسرے سے پہلے کی طرح محبت کرتے رہیں گے۔تاہم کچھ دیر بعد صورت حال یکسر بدل گئی۔ نوجوان کی ماں نے انہیں بتایا کہ ان کی بیٹیوں کی پیدائش کے بعد اُن کے شوہر کا انتقال ہو گیا  اور ان کی دنیا اندھیر ہو گئی۔ ایسے میں اُن کے موجودہ شوہر  نے انہیں سہارا دیا اور اُن سے شادی کر لی، جس سے دو بیٹے پیدا ہوئے۔

ماں نے بچوں کو اپنے پہلے شوہر کی تصاویر بھی دکھائیں۔ نوجوان کی ماں نے بتایا کہ بچوں کو یہ سب بتانا ان کے لیے بہت مشکل تھا، اسی وجہ سے اس بات کو چھپائے رکھا۔
نوجوان کا کہنا ہے کہ اس  کرسمس کو ہم گھر والے کبھی نہ بھول پائیں گے۔ اس کرسمس پر ہمارا خاندان ایک دوسرے کے مزید قریب آگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu