ڈاکٹروں نے چینی نوجوان کے دل میں 4 سال سے پھنسی ٹوتھ پک نکال دی

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 7 فروری 2019 23:50

ڈاکٹروں نے چینی نوجوان کے دل میں 4 سال سے پھنسی ٹوتھ پک نکال دی
ایک 29 سالہ چینی نوجوان  کا آپریشن کر کے اُن کے دل کے اوپری دائیں خانے میں پھنسی ہوئی لکڑی کی ٹوتھ پک نکال دی گئی ہے۔خوش قسمت  نوجوان کی شناخت اُن کے خاندانی نام  زہو سے ہوئی ہے۔ جنوبی چین کے صوبے گوانگشی کے شہر نانینگ کے ایک ہسپتال میں 9 جنوری کو زہو کی اوپن ہارٹ سرجری کی گئی۔زہو  کی صحت چار سالوں سے خراب تھی۔ انہیں پھیپھڑوں میں جلن اور تیز بخار رہتا تھا۔

بیماری پر اُن کے 30 ہزار ڈالر خرچ ہوئے لیکن ڈاکٹراُن کا علاج نہیں کر سکے۔کچھ ڈاکٹروں کا خیال تھا کہ یہ پیپ کی وجہ سے ہے تو کچھ کے خیال میں  وہ  لیوکیمیا کا شکار ہیں۔ ڈاکٹروں نے حالیہ  آپریشن  دل کی بڑھوتری کی وجہ سے کیا تھا لیکن وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ زہو کے صحت کے مسائل کی وجہ صرف ایک عام سی ٹوتھ پک ہے۔

(جاری ہے)


2.4 انچ (6 سیٹی میٹر) کی اس ٹوتھ پک نے ڈاکٹروں کو حیران کر دیا۔

ابھی تک حقیقت میں ٹوتھ پک کے زہو کے دل تک جانے کے درست حالات تو معلوم نہیں ہو سکے لیکن  ڈاکٹر کا خیال ہے کہ یہ حادثاتی طور پر  سانس کی نالی سے ہوتی ہوئی  دل تک پہنچی تھی۔
زہو کو خود بھی معلوم نہیں کہ ٹوتھ پک ان کے دل تک کیسے پہنچی لیکن انہیں ڈاکٹروں کی وضاحت معقول لگتی ہے۔ زہو نے بتایا کہ پہلے جب وہ دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر کچھ پیتے تھے تو  میز پر اپنے گلاس کی نشاندہی کے لیے اس میں ٹوتھ پک ڈال دیتے تھے۔

زہو نے اعتراف کیا کہ ایک بار پہلے بھی وہ غلطی سے ٹوتھ پک نگل چکے ہیں۔ وہ ٹوتھ پک اُن کے گلے میں اٹک گئی تھی، جسے انگلیوں سے باہر نکال لیا گیا تھا۔
نانینگ ہسپتال کے ڈیپارٹمنٹ آف کارڈیووسکولر سرجری کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر وین زاہوئی نے بتایا کہ کسی مریض کے دل میں کسی بیرونی شے کا پھنس جانا  نایاب کیسز میں سے ہے۔ عام طور پر اس کی تشخیص کافی مشکل ہوتی ہے۔ڈاکٹر وین نے کسی بہت بڑی خرابی کے بغیر  زہو کے زندہ بچنے کو اُن کی خوش قسمتی قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu