سردرد سے بے ہوش ہونے کے بعد خاتون اپنی زندگی کے سابقہ 38 سال بھول گئیں

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 7 مارچ 2019 23:48

سردرد سے بے ہوش ہونے کے بعد خاتون اپنی زندگی کے سابقہ 38  سال بھول گئیں
بیٹون روج، لوزیانا سے تعلق رکھنے والی 56 سالہ خاتون کو ڈاکٹروں نے Transient Global Amnesia یا TGA تشخیص کی ہے۔ یہ خاتون شدید سر درد کی وجہ سے اپنی زندگی کے 38 سالوں کے بارے میں بالکل بھول چکی ہیں۔
پچھلے سال اکتوبر میں کم ڈینیکولا مقامی چرچ سے گھر جا رہی تھیں کہ انہیں شدید سر درد ہوا اور آنکھوں سے بھی دھندلا دکھائی دینے لگا۔ انہوں نے اپنے شوہر کو فون کیا۔

اُن کے شوہر نے انہیں ہنگامی کمرے میں جانے کا کہا لیکن وہ بعد میں دوستوں کو پارکنگ میں بے ہوش ملیں۔ انہیں فوراً ہی ہسپتال پہنچایا گیا۔
ہوش میں آنے کے بعد کم ڈینیکولا کو بس ہسپتال میں ہوش میں آنا یاد رہا۔ نرس نے کم ڈینیکولا سے جو بھی سوال پوچھے انہوں نے غلط جوابات دئیے۔
نرس نے جب ان سے پوچھا کہ آپ کو یاد ہے، یہ کونسا سال ہے؟ اس پر کم ڈینیکولا نے جواب دیا کہ ہاں، یہ 1980 ہے۔

(جاری ہے)

نرس نے اُن سے امریکی صدر کا نام پوچھا تو کم ڈینیکولا نے رونالڈ ریگن بتایا۔
صورت حال اس وقت خراب ہوئی جب ایک اجنبی کمرے میں داخل ہوا اور اُن کے ہاتھ پکڑ لیے ۔ آنسو بھری آنکھوں والے یہ اجنبی ڈیوڈ تھے جو 17 سالوں سے کم ڈینیکولا کے شوہر ہیں لیکن وہ اپنے شوہر کو بھی نہیں پہچانتی۔ کم ڈینیکولا کو اپنی شادی بھی یاد نہیں، وہ بھی اتنی بڑی عمر کے شخص سے، کیونکہ کم ڈینیکولا کو جو آخری چیز یاد ہے وہ 1980 میں اپنی عمر 18 سال ہونا یاد ہے۔

اُنہیں اپنے دو بچے بھی یاد نہیں۔ ان کی زندگی کے 38 سال اُن کی یادداشت سے محو ہو چکے ہیں۔
کم کو جب معلوم ہوا کہ اُن کے 2 اپنے بچے، اُن کے گھر میں پرورش پانے والے 2 بھتیجے اور 3 سوتیلے بچے ہیں تو وہ کافی حیران ہوئیں۔
ڈاکٹروں کے اُن کے دماغ کے سکین اور اُن کا طبی معائنہ کیا ہے لیکن وہ کم ڈینیکولا کی بیماری کی وجوہات بتاتے سے قاصر ہیں۔

انہیں کبھی کوئی دورہ نہیں پڑا، نہ ہی اُن کا دماغ متاثر ہوا ہے، اسی وجہ سے ڈاکٹروں نے انہیں ایک نایاب بیماری یعنی ٹی جی اے تشخیص کی ہے۔ کم ڈینیکولا کا کیس طویل عرصہ کی یادداشت غائب ہونے کی وجہ سے خاص ہے۔
وہ 80 اور 90 کی دہائی کی چیزوں کوبھول چکی ہیں۔ انہیں کمپیوٹر اور سمارٹ فونز کے بارے میں بھی نہیں معلوم۔
تاہم کم ڈینیکولا کا خاندان اُنہیں پچھلی باتیں یاد دلانے اور اُن کے لیے نئی چیزوں کو سکھانے میں اُن کی مدد کر رہا ہے۔

انہیں پرانی تصویریں دکھائی جاتی ہیں لیکن اُنہیں تصویریں دیکھ کر بھی کچھ یاد نہیں آتا۔
کم ڈینیکولا کے لیے یہ نئی زندگی ہے۔ اُن کے لیے اُن کی زندگی میں تمام افراد اجنبی ہیں لیکن وہ تیزی سے اپنی گزری زندگی اور نئی چیزوں کے بارے میں جان رہی ہیں۔
کم ڈینیکولا کا کہنا ہے کہ اگر اُن کی یاداشت واپس نہ آئی تو وہ نئی یادیں بنائیں گی۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu