چین میں کمپنی سی ای اوز نے محنتی ملازمین کے پاؤں دھوئے۔ ویڈیو وائرل

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 7 نومبر 2019 23:57

چین میں کمپنی سی ای اوز نے محنتی ملازمین کے پاؤں دھوئے۔ ویڈیو وائرل

چین میں ایک کاسمیٹک کمپنی کے دو ایگزیکٹیوز نے  اپنے محنتی  ملازمین کا شکریہ ادا کرنے کے لیے  اُن کے پاؤں دھوئے ہیں۔ 

چینی میں کمپنی کے ایگزیکٹیو ملازمین کے ساتھ اپنے بُرے رویے کے لیے کافی بدنام ہیں ۔ چین سے ایسی خبریں آتی رہتی ہیں، جن میں کمپنی مالکان  ملازموں کو  سزا کے طور پر  سڑکوں پر رینگنے  اور کاکروچ تک کھانے پر مجبور کرتے رہے ہیں۔

ایسے میں چین کے صوبے شانڈونگ  کے شہر جینان   کی  کاسمیٹک کمپنی کے سربراہوں کے ملازمین کے پاؤں دھونے کی  خبر نے سب کو حیران کر دیا ہے۔

ملازمین کے پاؤں دھونے کی تقریب 2 نومبر کو  کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں ہوئی۔ اس حوالے سے وائرل ہونے والی ایک مختصر ویڈیو  میں کمپنی کے ایگزیکٹیوز کو  ملازمین کے سامنے جھکتے دکھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ کمپنی کے 8 ملازمین ایک چھوٹے بیسن کے ساتھ بیٹھے ہیں۔

اس کے بعد ایگزیکٹیوز کو ملازمین کے پاؤں دھوتے دکھایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایگزیکٹیوز کی طرف سے ملازمین کےپاؤں  دھونے  کا مقصد اُن کی اعلیٰ کارکردگی پر اظہار تشکرتھا۔ اس سے  کمپنی کے ملازمین کا حوصلہ بھی بلند ہوا ہے۔

اس وائرل ویڈیو پر جہاں بہت سے افراد نے کمپنی کی اعلیٰ انتظامیہ کو سراہا ہے، وہیں کچھ  صارفین نے اسے بناوٹی اور قابل نفرت بھی قرار دیا ہے۔ایک شخص نے اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے باس کافی مکار ہیں، وہ اعلیٰ کارکردگی پر نقد رقم انعام  دینے کی بجائے ملازمین کےپاؤں دھو رہے ہیں۔


متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu