اپنے میوزک البم کی کور فوٹو کے لیے تین گرجا گھروں کو آگ لگانے والے شخص کو 70 سال قید

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 14 فروری 2020 23:51

اپنے میوزک البم کی کور فوٹو کے لیے  تین گرجا گھروں کو آگ لگانے والے شخص کو 70 سال قید

لوویزیانا  سے تعلق رکھنے والے ایک  شخص نے بلیک میٹل میوزک میں  مشہور ہونے کے لیے تین گرجاگھروں کو آگ لگا دی۔ اس جرم میں انہیں 70 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
22 سالہ ہولڈن میتھیوز نے سینٹ لانڈری پاریش، لوویزیانا کے تین گرجاگھروں کا آگ لگانے کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ  ہیوی میٹل کی ایک ذیلی قسم بلیک میٹل  کے شائقین میں خود کو مشہور کرنا چاہتے تھے۔

ہولڈن میتھیوز ایک شیرف ڈپٹی میتھوز  کے  بیٹے ہیں۔ہولڈن نے بتایا کہ وہ گرجا گھروں کو آگ لگا کر 1990 کی وہائی میں پیش آنے والے ایک واقعے کی نقل کر رہے تھے۔اس واقعے  میں ایک  ناوریجن بلیک میٹل   گروپ  نے بھی عیسائیت کے خلاف  صلیبی جنگ کے طور پر   گرجا گھر کو آگ لگائی تھی۔ہولڈن نے تنہا 10 دنوں میں رات کے وقت تین گرجاگھروں کو آگ  لگائی۔

(جاری ہے)


ہر دفعہ آگ لگانے کے بعد ہولڈن آن لائن آتے اور دوسرے بلیک میٹل کے شائقین کے ساتھ  اپنے اقدام پر ڈینگیں مارتے۔ ہولڈن  آگ لگانے کی ویڈیوز اور تصویریں بھی سب کے ساتھ شیئر کرتے۔ہولڈن کا ارادہ تھا کہ گرجا گھر جلانے کی تصاویر کو  وہ اپنے بینڈ پاگان  کارنیج کے  اگلے البم  کے کور کے طور پر استعمال کریں گے۔ہولڈن کے اُن کےوالد کے  شیرف ڈیپارٹمنٹ نے گرفتار کیا تو انہوں نے تینوں گرجاگھروں کو آگ لگانے کا اعتراف کر لیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس اقدام کا مقصد بلیک میٹل  کے شائقین میں اپنے پروفائل کو اوپرلانا تھا۔
ہولڈن  نے جو گرجا جلائے وہ سیاہ فام افراد کے تھے، اسی وجہ سے اُن پر نفرت انگیز جرائم کے الزام بھی لگے۔ تاہم اُن کے وکیل کا کہنا ہے کہ ہولڈن نے گرجا صرف اس لیے جلائے کیونکہ یہ لکڑی سے بنے تھے اور تیزی سے آگ پکڑنے والے تھے۔

Browse Latest Weird News in Urdu