عرب ملک میں قائم ریسٹورنٹ جہاں پریشان غیر ملکی مفت کھانا کھا سکتے ہیں

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 12 اپریل 2015 22:48

عرب ملک میں قائم ریسٹورنٹ جہاں پریشان غیر ملکی مفت کھانا کھا سکتے ہیں

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12اپریل۔2015ء)قطر کے دارالحکومت دوحہ کے سٹی سینٹر سے قریباً 10 میل کے فاصلے پر واقع صنعتی علاقے میں چھوٹی ورکشاپیں اور فیکٹریوں کی ایک کثیر تعداد موجود ہے۔ اس علاقے میں غیر ملکی مزدوروں کی ایک بڑی تعداد کام کرتی ہے اور رہائش پذیر ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اس علاقے میں قائم ایک چھوٹا سا بھارتی ریسٹورنٹ اس حوالے سے منفرد ترین ہے کہ یہ اپنے گاہکوں کو پیسے نہ ہونے کی صورت میں مفت کھانا فراہم کرتا ہے۔

16 لوگوں کی گنجائش رکھنے والے اس ریسٹورنٹ میں فش کڑی کی قیمت 6 ریال، پالک پنیر 10 ریال اور انڈہ روسٹ 3 ریال میں ملتا ہے۔ ریسٹورنٹ کے مالک شاداب نے خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ قطر میں بہت سے مزدوروں کو تنخواہیں وقت پر نہیں ملتیں اور اگر مل بھی جائیں تو اس قدر کم ہوتی ہیں کہ اس کا بڑا حصہ اپنے وطن بھیجنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

ریسٹورنٹ کے مالکان نے دیکھا کہ اکثر لوگ ان کے پاس آکر صرف ایک ریال کی روٹی خریدتے اور پانی سے کھاتے تھے۔

یہ دیکھ کر انہیں ضرورت مندوں کو مفت کھانا دینے کا خیال آیا لیکن ریسٹورنٹ کے مالک کا کہنا ہے کہ یہ تجربہ انہوں نے قریباً 3 ہفتے قبل شروع کیا تھا لیکن اکثر لوگ عزت نفس کی وجہ سے یہ سہولت حاصل کرنے سے کتراتے ہیں۔ آج بھی مفت کھانا کھانے والوں کی تعداد دن میں صرف 2 سے 3 ہوتی ہے۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ اس ریسٹورنٹ پر بھی خطرے کے بادل منڈلارہے ہیں اور مالک مکان کے ساتھ ان کے کرائے کا تنازعہ چل رہا ہے تاہم ان کے حوصلے بلند ہیں۔ ریسٹورنٹ مالکان کا کہنا ہے کہ ہم نے ریسٹورنٹ کے باہر ریفریجریٹر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پر تالا نہیں ہوگا کسی کو کھانے کی ضرورت ہے تو اسے دکان کے اندر نہیں آنا پڑے گا۔

Browse Latest Weird News in Urdu