مرحوم بھائی سے محبت کا نرالا انداز

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 3 مئی 2015 13:11

مرحوم بھائی سے محبت کا نرالا انداز

واشگنٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔3مئی۔2015ء)ٹیننسی سے تعلق رکھنے والی ویٹرس کی آنکھوں میں اس وقت آنسو آ گئے جب ایک سخی گاہک نے اسے زبردست سی ٹپ کے ساتھ متاثر کن پیغام دیا۔25 سالہ کلیئر ہڈسن سپرنگ ہل کے میکس گراب شیک میں میں نوکری کرتی ہے۔ وہ ڈیوٹی پر تھی کہ ایک خوبصورت جوڑا ریسٹورنٹ میں آیا۔ انہوں نے بیئر، ہاٹ ڈاگ اور برگر کا آرڈر دیا۔

کھانے کے بعد وہ جوڑا چلاگیا۔ ریسٹورنٹ کا کیشئر ہڈسن کے پاس آیا اور اسے بتایا کہ گاہک 28.12 ڈالر کے بل کے ساتھ 36 ڈالر کی ٹپ بھی دے گیا ہے اور ساتھ ہی بل پر کچھ لکھ گیا ہے۔ ہڈسن نےبل پڑھا تو اس کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔ اس پر لکھا تھا کہ آج میرے بھائی کی سالگرہ ہے۔ اگر وہ زندہ ہوتا تو 36 سال کا ہوتا۔ میں ہر سال بھائی کی سالگرہ پر ریسٹورنٹ میں اس کی پسند کا کھانا(ہاٹ ڈاگ) کھاتا ہوں اور جتنے سال کا وہ ہوچکا ہوویٹرس کو اتنی ٹپ دیتا ہوں، ہیپی برتھ ڈے ویس۔

(جاری ہے)

ہڈسن نے بتایا کہ یہ وہ بہترین ٹپ ہے جو اس نے ساری زندگی میں حاصل کی، اس وجہ سے نہیں کہ یہ زیادہ رقم ہے، اس وجہ سے کہ اس کا خاص مطلب ہے۔ ڈیوٹی کے بعد ہڈسن نے بل کے فوٹو کو ریڈٹ پر پوسٹ کر دیا۔ صبح اٹھ کر اس نے دیکھ کہ اس کی پوسٹ صفحہ اول پر تھی۔ اسے امگر پر 15 لاکھ لوگ دیکھ چکے تھے۔ جبکہ ریڈٹ پر ساڑھے تین لاکھ لوگوں نے اسے اپ ووٹ کیا۔

ہڈسن اور اس کے ریسٹورنٹ کا مالک ٹپ دینے والے کو ڈھونڈ رہے ہیں تاکہ اس کے بھائی کے نام پر ایک ڈش کا نام رکھ سکیں۔ ہڈسن نے بھی کہا ہے کہ ایک بھائی کا یہ رویہ بہت متاثر کن ہے۔ وہ بھی اپنے ایک مرحوم دوست کی سالگرہ پر اسے اسی طرح خراج عقیدت پیش کرے گی جس طرح ویس کے بھائی نے کیا۔ ہڈسن کا کہنا ہے کہ اس واقعے نے اس کے دل کی گہرائیوں کو چھو لیا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu