ایسے ڈولے بنانے کے لیے جان خطرے میں ڈالنی پڑتی ہے

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 4 مئی 2015 19:59

ایسے  ڈولے بنانے کے لیے جان خطرے میں ڈالنی پڑتی ہے

برازیل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔4مئی۔2015ء) باڈی بلڈر نے اپنے جسم کو افسانوی کردار ہلک (Hulk) سے مشابہت دینے کے لیے خطرناک طریقہ استعمال کیا۔ 25 سالہ روماریو دوس سانتوس ایلوس نے اپنی باڈی بنانے کے لیے اپنے بازو میں تیل اور الکوحل کے انجکشن لگانے شروع کر دئیے۔اس کے بعد اس نے دیگر بہت سی ممنوعہ ادویات کا استعمال شروع کر دیا۔ کالڈاس نواس، برازیل سے تعلق رکھنے والے باڈی بلڈر نے بتایا کہ ممنوعہ دوا سنتھیٹک سنتھول استعمال کرنے سے اس کی ذہنی حالت بھی خراب ہو گئی تھی۔

اسی ذہنی بیماری کے باعث اس نے خودکشی کی کوشش بھی کی تھی مگر بچا لیا گیا۔ اس وقت روماریو کے بازوں کی موٹائی 25 انچ ہے۔ ممنوعہ ادویات کے مضر اثرات کی وجہ سے ڈاکٹروں نے ایک دفعہ اس کے دونوں بازو کاٹنے کا فیصلہ کیا تھا مگر روماریو کی قسمت اچھی تھی کہ عین وقت پر ڈاکٹروں نے اپنا فیصلہ بدل دیا۔

(جاری ہے)

اب روماریو نے ممنوعہ ادویات کا استعمال چھوڑ دیا ہے اور بغیر ادویات کے ہی پروفیشنل باڈی بلڈر بننا چاہتاہے۔

روماریو کے شہر کے بچے اس کی جسامت کی وجہ سے اس سے بہت ڈرتے ہیں، وہ اسے بھوت، عفریت اور درندہ کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ مزے کی بات یہ ہے کہ تین سال پہلے تک روماریو کی باڈی اتنی زیادہ نہیں تھی۔ وہ جب پہلی بات جم گیا تو اس نے بڑے باڈی بلڈروں سے دوستی لگائی۔ انہوں نے اسے سنتھول سے متعارف کرایا۔ رومایو اس کے نتیجے سے بہت متاثر ہوا اور اس کے استعمال پر کنٹرول کھو بیٹھا۔

اس کے بعد اس نے باڈی پھلانے کا نیا اور خطرناک طریقہ ڈھونڈا۔ اس نے بازو میں تیل اور الکوحل کے انجکشن لگانا شروع کر دئیے ۔ اس سے اس کے پٹھے پتھر کی طرح اتنے سخت ہو گئے کہ وہ انجکشن لگانے کے قابل بھی نہ رہا۔مگر روماریو پھر بھی باز نہ آیا۔ اُس نے خصوصی سوئی والے انجکشن لگانا شروع کر دئیے۔ یہ خصوصی سوئی والے انجکشن وہ تھے جن کی مدد سے بیلوں کو ٹیکے لگائے جاتے ہیں اور ان سے زیادہ مضبوط سوئی والے انجکشن عام لوگوں کی پہنچ میں ہی نہیں ہوتے۔

بازوں پر جس جگہ روماریو انجکشن نہیں لگا سکتا تھا وہاں وہ اپنی بیوی سے لگواتا۔اس نے اپنی بیوی کو اس انجکشن کے خطرناک اثرات کے بارے میں نہیں بتایا تھا۔ آخر کار بیوی پر حقیقت کھل ہی گئی۔ اس نے روماریو سے صاف صاف کہہ دیا کہ اسے بیوی اور ان انجکشن میں سے ایک چیز کا انتخاب کرنا پڑے گا۔ بیوی نے دھمکی دی کہ اگر اس نے پھر کبھی ممنوعہ دوا استعمال کی تو وہ اسے چھوڑ کر چلی جائے گی۔اس ٹینشن میں اس نے خودکشی کی کوشش کی۔ آہستہ آہستہ اس نے ممنوعہ ادویات ترک کر دی اور اب پروفیشنل باڈی بلڈر بننا چاہتا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu