ہوا سے بھی تیز ، گاڑی چلے گی صرف ہوا سے

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 10 مئی 2015 13:40

ہوا سے بھی تیز ، گاڑی چلے گی صرف ہوا سے

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10مئی۔2015ء)تصور کریں کہ آپ کی کار فضا میں کاربن جیسے درجنوں زہریلے مادے چھوڑنے کی بجائے پانی چھوڑے۔یہ بالکل درست ہے۔ گاڑی دھویں کی بجائے پانی چھوڑے گی، اتنا صاف پانی کے اسے آپ پی سکیں۔ یہ کسی سائنس فکشن کہانی کا سین نہیں بلکہ ایسی کار وجود میں آ چکی ہے۔ ہم نے اردو پوائنٹ ٹیکنالوجی میں ٹویوٹا میرائی کے حوالے سے پہلے بھی آپ کو بتایا تھا(تفصیلات اس صفحے پرhttp://www.urdupoint.com/technology/detail/news/toyota-hydrogen-car-to-sell-on-just-eight-1561.html)۔

اس کی مزید تفصیلات اس طرح سے ہیں کہ یہ کار اس سال کے آخر تک فروخت کے لیے پیش کی جائے گی۔ اس میں ایندھن کے لیے ہائیڈروجن استعمال ہوگا۔ ہائیڈروجن اس کائنات میں سب سے زیادہ پایا جانے والا عنصر ہے۔ہائیڈروجن کار کے فیول ٹینک میں ایسے ہی ڈالی جائے گی جیسے پیٹرول یا ڈیزل۔

(جاری ہے)

اس کے بعد ایک حیرت انگیز فیول سیل ہائیڈروجن اور آکسیجن کے کیمیکل رد عمل کو بجلی میں تبدیل کرے گا، جو کار کو چلائے گی۔

اس عمل کے نتیجے میں دھویں یا زہریلے مادوں کی بجائے صرف پانی خارج ہو گا۔ جو اتنا صاف ہو گا کہ پیا بھی جا سکے۔یہ کار 111 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکے گی۔ 0 سے لیکر 62 میل فی گھنٹہ کی رفتار پر پہنچنے کے لیے اسے 9.6 سیکنڈ درکار ہونگے، جبکہ ہنڈائی آئی 40 کو اس سپیڈ میں آنے کے لیے 12.4 سیکنڈ درکار ہوتے ہیں۔ایک دفعہ ٹینک بھرنے کے بعد یہ 300 کلومیٹر تک چل سکے گی، جبکہ ہنڈائی آئی 4 ایک ٹینک میں 500 کلومیٹر چلتی ہے۔

میرائی کا ٹینک فل ہونے میں 10 منٹ لگیں گے۔مائیلج کے حساب سے دیکھا جائے تو میرائی کی مائیلج 47 میل فی گیلن(کے برابر) اور ہنڈائی کی 67 میل فی گیلن ہے۔111 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی اس کار کی قیمت 63 ہزارپاؤنڈ ہو گی، جبکہ 124 میل فی گھنٹہ کی رفتار اور ڈیزل سے چلنے والی ہنڈائی آئی 40 کی قیمت 20 ہزار پاؤنڈ ہے۔میرائی جاپانی زبان میں مستقبل کو کہتے ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu