بھارتی حکومت نے نیسلے کی 27 ہزار ٹن نوڈلز ضائع کرادی

Fahad Shabbir فہد شبیر بدھ 17 جون 2015 22:38

بھارتی حکومت نے نیسلے  کی 27 ہزار ٹن نوڈلز ضائع کرادی

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17جون۔2015ء)فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرز اتھارٹی انڈیا نے میگی نوڈلز کو انسانی استعمال کے لیے غیرمحفوظ ہونے پر بین کر دیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ نیسلے کے میگی نوڈلز میں اجازت دی گئی حد سے زیادہ lead پایا گیا ہے۔ نیسلے نے بھارت کے تمام سٹورز سے تقریبا ً 5 کروڑ ڈالر مالیت کی نوڈلز ہٹا لی ہیں۔اس کا مطلب ہے کہ تقریبا ً 27 ہزار ٹن(1 ٹن برابر 1 ہزار کلوگرام) نوڈلز کو ضائع کر دیا جائے گا۔

یہ وزن مشہور زمانہ ٹائی ٹینک جہاز کے وزن سے آدھا ہے ۔ نیسلے نے پچھلے سال 623 ملین ڈالر کی میگی نوڈلز فروخت کی تھیں۔زیادہ تر نوڈلز بھارت میں فروخت ہوئی ، جہاں کل فروخت ہونے والی نوڈلز میں 80 فیصد میگی نوڈلز ہوتی ہے۔5 جون کو بھارتی عدالت نے نیسلے کو نوڈلز ضائع کرنے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

بھارت میں نوڈلز کے نقصان دہ ثابت ہونے کے باوجود برطانیہ میں میگی نوڈلز ابھی تک فروخت ہو رہی ہیں تاہم فوڈز سٹینڈرڈ ایجنسی برطانیہ نے بھی میگی نوڈلز کے نمونوں کی جانچ کی درخواست دے دی ہے۔

نیسلے کا کہنا ہے کہ وہ ہرملک کے قوانین کی پاسداری کرتے ہیں، انہوں نے بھارتی حکومت سے پورا تعاون کیا ہے، وہ دوسرے ممالک کے قوانین کی بھی پاسداری کریں گے۔ نیسلے نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ میں استعمال ہونے والی نوڈلز بھارتی فیکٹریوں سے درآمد نہیں کیجاتی بلکہ انہیں دوسرے ممالک کی فیکٹری سے درآمد کیا جاتاہے۔برطانیہ میں استعمال ہونے والی نوڈلز کا بیچ اور فلیور دوسرا ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu