گھر میں ٹوائلٹ نہ ہو تو الیکشن میں حصہ مت لینا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 9 اگست 2015 16:03

گھر میں ٹوائلٹ نہ ہو تو الیکشن میں حصہ مت لینا

بہار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔9اگست۔2015ء)مشرقی بھارت کی ایک ریاست میں حکام نے آئندہ سال ہونے والے گاؤں اور ضلع کی کونسل کے انتخابات میں حصہ لینے والوں پر ایک انوکھی پابندی لگا دی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ کوئی ایسا شخص انتخابی امیدوار نہیں بن سکتا جس کے گھر میں ٹوائلٹ نہ ہو۔ریاستی حکومت کا یہ اقدام ریاست میں صحت اور صفائی کی صورت حال بہتر بنانے میں مدد دے گا۔

بہار ریاست کی اسمبلی میں ایک قرارداد منظور کی گئی ہے، جس کے مطابق 2016 میں ہونے والے الیکشن میں حصہ لینے والوں کو اس بات کی گواہی دینی ہوگی کہ اُن کے گھر میں ٹؤائلٹ ہے، جس کے بعد ان کے کاغذات نامزدگی منظور ہونگے۔ بہار کے پنچائتی راج ، بینود پرشاد یادیو کا کہنا ہے کہ ہم چھوٹے پیمانے پر صفائی کی صورت حال کو بہتر بنانا اور کھلے میں رفع حاجت جیسے قابل نفرت کام کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت کی 1 ارب 20 کروڑ کی آبادی میں سے صرف ایک تہائی سے بھی کم افراد کو ٹوائلٹ کی سہولت میسر ہے۔اقوام متحدہ کی مئی 2014 کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت کی آدھی آبادی کھلے میں رفع حاجت کے لیے جاتی ہے، جس کی وجہ سے انہیں مختلف بیماریوں کےخطرے کا سامنا رہتا ہے۔ بھارت کی مرکزی حکومت ، جسے بھارتیہ جنتا پارٹی کے نریندر مودی چلارہے ہیں، کا ارادہ ہے کہ 2019 تک بھارت کے ہر گھر میں ٹوائلٹ ہوگا۔

بہار میں اپوزیشن جنتا دل یونائیٹڈ پارٹی کی حکومت ہے۔ گجرات کے بعد بہار وہ دوسری ریاست ہے جہاں الیکشن میں حصہ لینے کے لیے گھر میں ٹوائلٹ کی شرط عائد کی گئی ہے۔ بینود پرشاد یادیو کا کہنا ہے کہ جب کونسلر کے گھر میں ٹوائلٹ نہیں ہوگا تو وہ کس بنیاد پر دوسرے کو گھر میں ٹوائلٹ بنوانے کے لیے کہے گا؟

Browse Latest Weird News in Urdu