درد دل کی یہ وجہ ہوگی، ڈاکٹروں نے سوچا بھی نہیں تھا

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 17 اکتوبر 2015 20:29

درد دل کی یہ وجہ ہوگی، ڈاکٹروں نے سوچا بھی نہیں تھا

بیونس آئرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17اکتوبر۔2015ء)ایک سال پہلے حادثاتی طور پر ٹوتھ پک نگلنے والے شخص کے دل سے ٹوتھ پک نکال دی گئی ہے۔ مذکورہ شخص کی حالت اب بہتر ہو رہی ہے۔ 42 سالہ ہوراسیو روڈریگویز اس سال جنوری میں شدید بخار کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہوا تو ڈاکٹروں نے اسے نمونیا تشخیص کیا اور اسی کا علاج کیا۔کچھ دنوں بعد اس کاوزن تیزی سے کم ہوگیا، خونی کھانسی اور سینے میں درد کی شکایت لیے جب وہ دبارہ ہسپتال پہنچا تو ڈاکٹروں نے بتایا کہ اس کے دل میں بھی انفیکشن ہے۔

ڈاکٹروں نے دل کی انفیکشن کے لیے اینٹی بائیوٹکس دے دیں۔ ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس کے ہوسپیٹل فرنانڈس کے ڈاکٹروں نے جب اس کے دل کا آپریشن شروع کیا تو انہیں شک تھا کہ اس کے دل کے اندر کچھ چلا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ یہ کیتھیٹَر ہو سکتا ہے جو نوجوانی میں خون لگاتے ہوئے ہوراسیو کے دل میں چل گیا ہوگا۔ ڈاکٹروں کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ یہ ٹوتھ پک ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ سب سے پہلے ہم نے اس کے دل سے سارا خون نکال دیا۔ اس کے بعد ہم نے اسے واضح طور پر دیکھا، یہ ٹوتھ پک ہی تھی۔ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ یہ اُن کے لیے بہت عجیب ہے، دوسرا اسے سن کر اس پر شاید یقین نہ کرے۔ ڈاکٹروں نے جب ہوراسیو کو بتایا کہ اس کے دل میں سے ٹوتھ پک نکلی ہے تو وہ بھی ہنسنے لگا اور اعتراف کیا کہ پچھلے سال وہ بہت زیادہ چٹ پٹے کھانے ، کھانے لگا تھا۔

ہوراسیو کا کہنا ہے کہ مجھے اندازہ نہیں میں نے اسے کب نگلا۔ ہوراسیو نے بتایا کہ میں چھ ماہ ہسپتال رہا ہوں، کیونکہ ڈاکٹروں کو معلوم ہی نہیں تھا کہ میرے دل میں کیا ہے۔بہت سارے الٹرا ساؤنڈ کے بعد ڈاکٹروں کو لگا کہ کچھ غلط ہے تو انہوں نے آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا۔ حادثاتی طور پر نگلنے والی اشیاء میں سے ایک ٹوتھ پک ہے۔تاہم ایسا کبھی نہیں سنا کہ ٹوتھ پک بغیر ٹوٹے دل میں چلی جائے ، لمبے عرصے تک وہاں رہے اور انسان کی موت بھی واقع نہ ہو۔

Browse Latest Weird News in Urdu