لاش کو قتل کرنے کی کوشش۔ جرم ثابت ہوگیا

Fahad Shabbir فہد شبیر پیر 2 نومبر 2015 22:36

لاش کو قتل کرنے کی کوشش۔ جرم ثابت ہوگیا

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔2نومبر۔2015ء)ایک شخص لاش کو ہی قتل کرنے کے جرم کا مرتکب پایا گیا۔میلبورن آسٹریلیا کی ایک عدا لت میں چلنے والے مقدمے کے دوران عدالت نے مجرم کو لاش کو قتل کرنے کی کوشش کرنے کا مجرم قراردیا۔ لاش کے اقدام قتل کے مقدمے میں عدالت کو بتایا گیا کہ ڈینیل ڈرنگٹن اور روکی مٹسکاسے کے درمیان جھگڑا ہوا۔ جھگڑے کے بعد دونوں ایک گن کے لیے زور آزمائی کرنے لگے جس سے حادثاتی طور پر گن کی گولی چلی اور روکی ہلاک ہوگیا۔

ڈینئل نے سوچا کہ روکی ابھی زندہ ہے ، اس نے اسے ایک اور گولی مار دی حالانکہ وہ پہلے ہی مرچکا تھا۔

(جاری ہے)

ڈینئل کے وکیل کا کہنا ہے کہ یہ کسی بھی طرح ثابت نہیں کہ روکی دوسری گولی لگنے کے وقت زندہ تھا، اس لیے ڈینئل کو مجرم نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ ڈینئل کے وکیل کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ایسے شخص کو گولی مار دے جو پہلے سے مرا ہوا ہوتواس پر اقدام قتل کا مقدمہ کیسے چل سکتا ہے۔ لیکن ریاست کے قوانین کے مطابق اگر کوئی مجرمانہ حملے کی نیت سے کسی کوزندہ خیال کرتے ہوئے قتل کرنے کی کوشش کرتا ہے توچاہے مقتول پہلے سے مرچکا ہو، یہ اقدام قتل ہی کہلائے گا۔ عدالت نے ڈینئل کو قتل کا مجرم تو نہیں مانا مگر اس پر اقدام قتل ضرور ثابت ہوگیا۔ اگلی پیشی پر ڈینئل کو سزا سنائی جائے گی۔

Browse Latest Weird News in Urdu