دنیا کے سب سے موٹے بچے کی زندگی خطرے میں

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 1 جولائی 2016 12:52

دنیا کے سب سے موٹے بچے کی زندگی  خطرے میں

دنیاکے سب سے موٹے بچے کے کی زندگی بچانے کے لیے اسے خصوصی خوراک دی جارہی ہے۔10سالہ آریا پرمانا کا وزن 30سٹون(190.51 کلوگرام) ہے۔ آریا اتنا موٹا ہے کہ چل پھر بھی نہیں سکتا جبکہ وہ دن میں پانچ بار کھانا کھاتا ہے۔ آریا کی ماں کا کہنا ہے کہ آریا کا ایک وقت کا کھانا دو بالغ افراد کی خوراک کے برابر ہوتا ہے۔ آریا کو اپنے موٹاپے کی وجہ سے سکول بھی چھوڑنا پڑا۔


مغربی جاوا، انڈونیشیا کے ایک گاؤں سیپورواساری سے تعلق رکھنے والے آریا کے موٹاپے کی وجہ سے اس کے ناپ کے کپڑے بھی نہیں ملتے، جس کی وجہ سے وہ ہر وقت ایک لنگی ہی باندھے رکھتا ہے۔
آریا کی ماں 35سالہ رقیہ سومانتری کا کہنا ہے کہ آریا کھاتا رہتا ہے یا پھر سوتا رہتا ہے، جب وہ یہ دونوں کام نہیں کرتا تو باتھ ٹب میں گھنٹوں لیٹا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

رقیہ کا کہنا ہے کہ اس کا بیٹا چل پھر نہیں سکتا اسی وجہ سے سکول نہیں جا سکتا،اگر وہ ذرا سا بھی بھاگ لے تو اس کی سانس پھول جاتی ہے۔رقیہ کا کہنا ہے کہ وہ آریا کو چلتے پھرتے اور ہمسایے کے بچوں کے ساتھ کھیلتے دیکھنا چاہتی ہے مگرآریا اس کے مدد کے بغیر کچھ بھی نہیں کر سکتا ۔
آریا کا باپ 45سالہ ادی سومانتری پیشے کے لحاظ سے کسان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آریا بچپن میں بالکل ٹھیک تھا۔

جب وہ پیدا ہوا تو اس کا وزن 7پاؤنڈ تھا۔ کچھ سالوں بعد اس کا وزن بڑھنے لگا، وہ یہی سمجھے کہ آریا صحت مند ہوگیا ہے۔ جب آریا کا وزن خطرناک حد تک بڑھ گیا تو انہوں نے ڈاکٹروں سے رابطہ کیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ایسا کسی بیماری کی وجہ سے نہیں ہے۔ ادی سومانتری کا کہناہے جب اس کے پاس پیسے نہیں ہوتے تو وہ ادھار مانگ کر بیٹے کی خوراک پوری کرتا ہے،ظاہر ہے وہ اپنے بیٹے کو فاقے تو نہیں کرا سکتا ہے۔
آریا کے والدین نے اب آریا کی خوراک بھورے چاولوں تک محدود کر دی ہے۔ دونوں کا خیال ہے کہ یہ کھانا کھا کر شاید آریا کا وزن قابو میں آجائے۔

متعلقہ عنوان :

Browse Latest Weird News in Urdu