امریکی حکومت کی لاپروائی۔ اینٹی زیکا سپرے نے شہد کی لاکھوں مکھیاں بھی مار دی

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 7 ستمبر 2016 23:33

امریکی حکومت کی لاپروائی۔ اینٹی زیکا سپرے نے  شہد کی لاکھوں مکھیاں بھی مار دی

25سے 30 لاکھ شہد کی مکھیاں اس وقت ہلاک ہوگئی جب زیکا سے نپٹنے کے لیے پورے ساؤتھ کیرولینا میں ہوائی جہازوں کے ذریعے اینٹی زیکا زہر سپرے کیا گیا ۔اس سپرے کے باعث مگس بانی کے کاروبار سے منسلک افراد بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
ساؤتھ کیرولینا میں بڑے پیمانے پر ہونے والا یہ سپرے زیکا پھیلانے والے مچھروں خلاف کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں قانون کے مطابق مکھیوں کے آس پاس بھی سپرے کرنا تھا لیکن کاؤنٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے انہیں استثناء حاصل ہے۔


ساؤتھ کیرولینا کے 3 درجن افراد میں زیکا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد یہ آپریشن شروع کیا گیا۔مگس بانوں کا کہنا ہے کہ لاکھوں مکھیوں کو ہلاک ہونے سے روکا جا سکتا تھا۔ حکومت نے انہیں ہوائی سپرے سے متعلق مطلع ہی نہیں کیا۔

(جاری ہے)

مگس بانوں کا کہناہے کہ اگر انہیں سپرے کے حوالے سے مطلع کیا جاتا تو وہ حکام کو رات میں اسپرے کرنے کا مشورہ دیتے۔

رات کے وقت مکھیاں باہر نہیں ہوتیں، جس کی وجہ سے اتنی زیادہ مکھیوں کی اموات نہ ہوتیں۔
حکام نے یہ سپرے صبح سویرے شروع کیا، جس کے باعث علاقے میں شہد کے چھتوں کو کافی نقصان پہنچا۔حکام نے مکھیوں کے ہلاک ہونے پر مگس بانوں سے معذرت کی ہے۔فلوریڈا سٹیٹس مگس بان ایسوسی ایشن کی نائب صدر جینیفر ہومز نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر کوئی قانون ایسا سپرے کرنے کو کہے جس سے کسی کا آدھا لائیوسٹاک ختم ہوجائے تو آپ اس کا روزگار کیسے بحال کریں گے؟

Browse Latest Weird News in Urdu