ویٹریس کوٹپ میں پیسے تو نہیں ملے مگر جو ٹپ ملی اس سے دل ٹوٹ گیا

بدھ 19 اکتوبر 2016 23:32

گرین ویل، جنوبی کیرولینا سے تعلق رکھنے والی ایک ویٹریس کا کہنا ہے کہ ایک گاہک کی طرف سے ٹپ (بخشش) میں پیسے ملنے کی بجائے ”عورت کی جگہ گھر میں ہے“ ٹپ (مشورہ) ملنے پر اس کا دل ٹوٹ گیا ہے اور اسے تذلیل بھی محسوس ہورہی ہے۔
گرین ویل کے کریکر بیرل ریسٹورنٹ میں کام کرنے والی رینی کا کہنا ہے کہ اس نے ایک 50 سال سے اوپر کے ایک جوڑے کو سروس دی ، جو جاتے ہوئے ٹپ میں پیسوں کی بجائے مشورہ دے گیا اور مشورہ بھی ایسا جس سے اس کا دل ٹوٹ گیا ہے۔


اس جوڑے نے جانے سے پہلے اس کے لیے ایک پرچی لکھی جس پر لکھا تھا کہ
” ڈئیر رینی،
تمہاری آج کی بہترین سروس کا شکریہ۔۔ تم ایک اچھی ویٹرس ہو۔
یہ رہی تمہاری آج کی ٹپ (مشورہ):


عورت کی جگہ گھر میں ہے۔

(جاری ہے)

تمہاری جگہ گھر میں ہے۔ حتیٰ کہ یہ بائبل میں بھی لکھاہے۔ تم سمجھتی ہو کہ تم کام پر آکر گھر کے اخراجات میں حصہ بٹاتی ہو لیکن ایسا نہیں ہے۔

اب جبکہ تم یہاں کام کر رہی ہو،اسی وجہ سے تمہارا شوہر تمام دن گھر سے باہر کام کرنے کے بعد ضرور کسی دوسری عورت کو دیکھ رہا ہوگا۔ چونکہ تمہیں گھر میں رہ کر گھر کے کام کرنا چاہیے تھےاس لیے تم سوچتی ہو کہ تم جو کام کر رہی ہو وہ ٹھیک ہے۔ یہ اس کی مردانگی اور امریکی خاندان کی تذلیل ہے۔اس لیے کام پر آنے اور اپنے گھر والوں کےلیے کچھ بخشش لینے سے بہتر ہے کہ اپنے گھر جاؤ، گھر کی صفائی کرو اور اپنے شوہر اور بچوں کےلیے گرما گرم کھانا پکاؤ۔

یہی تمہارا شوہر اور خدا چاہتا ہے اور اسی سے امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے میں مدد ملے گی۔ تمہارے گھر والوں اور قوم کے لیے دعا گو
محبت
دی ویٹلیز “
رینی کا کہنا ہے کہ اس شخص کی اس بات سے میرا دل ٹوٹا ہے اور مجھے تذلیل بھی محسوس ہوئی ہے۔ اس شخص نے میرے بارے میں غلط اندازہ لگایا ہے ہے، میری تو شادی بھی نہیں ہوئی اور بچے بھی نہیں، میرا بوائے فرینڈ بہت خیال رکھنے والا ہے۔
خیال ہے کہ اس شخص کے نوٹ میں امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے کا فقرہ ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم سے لیا ہے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی یہی نعرہ ہے۔

Browse Latest Weird News in Urdu