Khad Aur Mitti Se Dosti Kar Ke Dekhiye - Article No. 3446

Khad Aur Mitti Se Dosti Kar Ke Dekhiye

کھاد اور مٹی سے دوستی کر کے دیکھئے - تحریر نمبر 3446

صبر کا پھل میٹھا بھی اور رکھے آپ کو توانا بھی

منگل 7 اکتوبر 2025

درخشاں فاروقی
باغبانی ایک دلچسپ اور صحت مند مشغلہ ہے کیاریاں بنانا، پودوں کا انتخاب کرنا، بیج اُگانا اور پھر ان کی دیکھ بھال کرنا آپ کو بالکل ایسا محسوس ہو گا کہ جیسے آپ Facebook پر Farmville کھیل رہے ہیں۔باغبانی کا مشغلہ صرف ایک مشغلہ ہی نہیں بلکہ جسم کی بہترین ورزش بھی ہے حالانکہ بہت سے لوگ اس کو ورزش نہیں سمجھتے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ جتنی کیلوریز 30 منٹ تک Aerobic ورزش کرنے میں خرچ ہوتی ہیں اتنی آپ 30 منٹ تک باغبانی کرنے کے دوران بھی خرچ کر دیتے ہیں۔
یہ مشغلہ تناؤ اور ذہنی دباؤ کو بھی بہت حد تک دور کرتا ہے۔کھاد اورمٹی میں اپنے ہاتھوں سے کام کرتے وقت آپ اس قدر محو ہو جاتے ہیں کہ اس دوران آپ ہر غم، پریشانی اور سوچ کو بھول جائیں گے۔

(جاری ہے)

اپنی محنت کے نتیجے میں حاصل ہونے والی تازہ اور کیمیکل سے پاک سبزیاں اور پھل بازار کے پھل اور سبزیوں سے زیادہ صحت افزاء ہوتے ہیں اور آپ کا یہ مشغلہ مہنگائی کے اس دور میں بچت کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔

یہ سب کرنا اتنا مشکل ہر گز نہیں ہے چند کوششوں میں ہی آپ باغبانی کے طریقے سیکھ سکتے ہیں اور جلد ہی اس کے اسرار و رموز سے بھی واقف ہو جائیں گے۔
ابتداء کیسے کریں
یہ ضروری نہیں کہ اس شوق کو پورا کرنے کے لئے آپ کے پاس ایک بہت بڑا لان ہو، آپ اپنا شوق ایک چھوٹی سی کیاری میں بھی پورا کر سکتی ہیں اور گملوں میں بھی، پہلی بار یہ فیصلہ کرنا کہ کیا اُگانا ہے اور کہاں اُگانا ہے یہی سب سے مشکل ہے باقی کے تمام مراحل آسان ہوتے چلے جائیں گے۔

پہلا مرحلہ
اپنے گھر کے صحن یا ٹیرس میں ایک چھوٹی سی کیاری آپ خود بھی بنا سکتی ہیں کیاری بناتے ہوئے ایسی جگہ کا انتخاب کریں جہاں ہوا اور سورج کی بھرپور روشنی آتی ہو۔کیاری بنانے کے بعد آپ کو کھاد اور مٹی کی ضرورت ہو گی۔یاد رکھیے مٹی جتنی زیادہ زرخیز ہو گی آپ کے پودے بھی اتنی ہی اچھی طرح نشو و نما پا سکیں گے۔
ہر جگہ کی مٹی پودوں کی افزائش کے لئے موزوں نہیں ہوتی اس لئے اگر آپ پودے اُگانے سے پہلے مٹی کا ٹیسٹ کروا لیں تو زیادہ بہتر ہو گا اور آپ کی محنت اور وقت ضائع ہونے سے بچ جائے گا۔یہ کام مالی سے کروا لیں۔ایک اور بات کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے وہ یہ کہ کیاری کی گہرائی کم سے کم 10 انچ ہو، اسی طرح مٹی کی اونچائی بھی 6 انچ سے زیادہ ہو تو بہتر ہے تاکہ پودوں کی جڑوں کو بھی مضبوطی سے قدم جمانے اور پھیلنے کے لئے مناسب جگہ مل سکے۔
باغبانی کے عمل کو جلد اور آسان بنانے کے لئے آپ کو اوزار کی بھی ضرورت پڑے گی تاہم اوزاروں کا انبار ہونا ضروری نہیں ابتداء میں آپ کو بیلچہ کدال، پانی کا فوارہ اور کھرپی کی ضرورت پڑے گی۔
دوسرا مرحلہ
دوسرا مرحلہ بیج اور پودوں کے انتخاب ہے۔انتخاب کے لئے سب سے پہلے آپ اپنے پسندیدہ پودوں کی ایک لسٹ بنا لیں پھر اس کے بارے میں دیگر معلومات حاصل کریں مثلاً فلاں پودے کو اُگنے میں کتنی جگہ کی ضرورت ہے۔
کتنا وقت اور کیسا موسم درکار ہے۔آیا آپ کے علاقے کی آب و ہوا اور مٹی فلاں پودے کو اُگانے کی اہلیت رکھتی ہے یا نہیں مکئی کو اُگانے کے لئے بہت سی جگہ درکار ہوتی ہے اور اس کو اُگنے میں ایک طویل عرصہ لگتا ہے اس کی نسبت پالک کم وقت اور کم جگہ میں بھی اُگایا جا سکتا ہے۔یہ فیصلہ بھی آپ کے ہاتھ میں ہے کہ آپ خود بیج اُگانا پسند کرتے ہیں یا نرسری سے ننھے پودے بھی خرید کر اُگائے جا سکتے ہیں۔
بہت سی سبزیوں کے لئے کیاری ضروری نہیں آپ گملوں میں بھی مختلف سبزیاں اُگا سکتی ہیں۔گملوں میں اُگانے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ ضرورت کے تحت اور سورج کی روشنی کے مطابق آپ ان کو ایک جگہ سے دوسری جگہ بھی رکھ سکتے ہیں۔
تیسرا مرحلہ
پودوں کو اُگانے کے بعد ان کی حفاظت اور مناسب دیکھ بھال کا مرحلہ آتا ہے وقت پر ان کو پانی دینا، کیاریوں کی صفائی اور کیڑوں سے بچانا ایک توجہ طلب کام ہے اگر اس مرحلے پر آپ سے کوتاہی سرزد ہو گئی تو یہ بھی ممکن ہے کہ آپ کی ساری محنت اکارت چلی جائے۔
کہیں ایسا نہ ہو کہ پانی کی کمی سے آپ کے پودے مرجھا جائیں یا پھر کسی کیڑے کی خوراک بن جائیں۔چھوٹے بچوں اور دوسرے جانوروں سے کیاری کو محفوظ رکھنے کے لئے آپ اس کے گرد کانٹوں کی باڑ بھی لگا سکتے ہیں موسم بہار میں ہر طرف پھولوں کی بہار ہے ایسے میں آپ موتیا، رات کی رانی اور گلاب کی خوشبو سے اپنے گھر کے آنگن کو مہکا سکتی ہیں۔اس کے علاوہ بہت سی سبزیاں بھی اُگا سکتے ہیں مثلاً پالک، لہسن، ہرا دھنیا، پودینہ، ہری مرچ، کڑی پتا، آلو، ہری پیاز، شکر قندی، کریلا اور توری یہ تمام سبزیاں باآسانی گھر میں اُگائی جا سکتی ہیں۔
یہ فیصلہ آپ کے ہاتھ میں ہے کہ آپ انہیں کیاری میں اُگاتے ہیں یا گملوں میں باغبانی کے اس مفید مشغلے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ انسان میں صبر کی صفت پیدا کرتا ہے یہ ایک صبر آزما کام ہے پہلے زمین تیار کرو پھر بیج ڈالو، پھر اس کو اُگنے کے لئے صاف ہوا، روشنی اور پانی مہیا کرو، کیڑے مکوڑوں اور جانوروں سے بچاؤ اور ایک مخصوص عرصے تک ان کی نگہداشت کرو تب کہیں جا کر صبر کا میٹھا پھل حاصل ہوتا ہے صبر کے اس پھل کو کھانے میں جو خوشی اور مزہ حاصل ہوتا ہے وہ بازار کے خریدے ہوئے پھلوں میں کہاں۔آزمائش شرط ہے!!

Browse More Gardening Tips and Tricks for Women

Special Gardening Tips and Tricks for Women article for women, read "Khad Aur Mitti Se Dosti Kar Ke Dekhiye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.