پاکستان نے ممبئی بم دھماکوں کے حوالے سے بھارتی الزامات مسترد کر دیئے،بھارت الزام تراشی بند کرے اور ثبوت پیش کرے، بھارت کی طرف سے بیانات انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہو سکتے ہیں، وزیر داخلہ،پاکستان ممبئی بم دھماکوں کے حوالے سے بھارتی الزامات کو اہمیت نہیں دیتا، بھارت کے پاس ثبوت ہیں تو تبادلہ کرے، ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو،بھارت کی طرف سے الزامات بے بنیاد ہیں، طارق عظیم

ہفتہ 30 ستمبر 2006 17:21

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 30ستمبر2006 ) پاکستان نے بھارت کی جانب سے ممبئی بم دھماکوں میں مبینہ طور پر آئی ایس آئی کے ملوث ہونے کے الزامات کو سختی سے مسترد کر تے ہوئے ایسے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہو سکتے ہیں، بھارتی پولیس جب دھماکوں میں ملوث اصل عناصر کا سراغ لگانے میں ناکام ہو گئی تو اس نے اس کا الزام پاکستان پر عائد کر دیا بھارت کے پاس اگر کوئی ثبوت ہیں تو وہ اس کا پاکستان سے تبادلہ کرے۔

ہفتہ کے روز بھارت کی طرف سے ممبئی بم دھماکوں کے الزامات پاکستان پر عائد کئے جانے کے ردعمل میں ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا اور کہا کہ بھارت ہمیشہ سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا الزام بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر عائد کر دیتا ہے اور یہ اس کی عادت بن گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ممبئی بم دھماکوں میں پاکستان کو مورد الزام ٹھہرانے سے دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔ آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ صدر جنرل پرویزمشرف اور بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کے درمیان ہونے والی خوشگوار اور کامیاب ملاقات سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بحال ہو رہے تھے اور ایسے وقت میں اس قسم کے بیانات انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہیں اور یہ دونوں ممالک کیلئے مشکلات پیدا کر سکتے ہیں جبکہ ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے بھارت کی طرف سے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ پاکستان ممبئی بم دھماکوں کے حوالے سے بھارتی الزامات کو اہمیت نہیں دیتا تاہم اگر بھارت کے پاس اس حوالے سے کوئی ثبوت ہیں تو وہ پاکستان سے ان کا تبادلہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس ممبئی بم دھماکوں میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے میں ناکام ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر الزام لگانا بھارت کی عادت ہے اور جب بھارتی پولیس ممبئی بم دھماکوں کے حوالے سے ثبوت فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے تو اس کا الزام پاکستان پر عائد کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الزامات بے بنیاد ہیں اوران میں کوئی سچائی نہیں جبکہ وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات طارق عظیم نے بھی ان الزامات کوسختی سے مسترد کر دیا اور کہا کہ بھارت الزام شرتراشیوں کا سلسلہ بند کرے اوراگر اس کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو وہ پیش کرے۔