ممبئی بم دھماکوں میں آئی ایس آئی ملوث ہے‘ ثبوت پاکستان کو فراہم کرینگے‘ بھارت،پاکستان کی طرف سے اس کو الزام قرار دینا درست نہیں ہے‘ بغیر ثبوت دیکھے پاکستان کو بیان جاری نہیں کرنا چاہئے‘ نئے بھارتی سیکرٹری خارجہ کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 1 اکتوبر 2006 14:59

پاکستان میں‌بھارت کے سابق سفیر اور نئے بھارتی سیکٹری خارجہ شیوشنکر ..
پاکستان میں‌بھارت کے سابق سفیر اور نئے بھارتی سیکٹری خارجہ شیوشنکر پریس کانفرنس کے دوران۔
نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین 01 اکتوبر2006) بھارت نے کہا ہے کہ ممبئی بم دھماکوں میں پاکستان ملوث ہے‘ آئی ایس آئی اور جہادی گروپوں کے ملوث ہونے کے ثبوت پاکستان کو فراہم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار بھارت کے سیکرٹری خارجہ شیو شنکر مینن نے سیکرٹری خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیو شنکر نے کہا کہ 11جولائی 2006ء کو ممبئی میں جو بم دھماکے ہوئے تھے اس میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی اور جہادی گروپ ملوث ہیں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو ان کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت فراہم کریگا سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ ٹرین دھماکوں میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی نے جہادی تنظیم لشکر طیبہ کے ذریعے یہ دھماکے کرائے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے اس بات کو الزام قرار دینا درست نہیں۔

(جاری ہے)

شیو شنکر نے کہا کہ پاکستان بغیر ثبوت دیکھے کوئی ایس بات نہ کہے انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ بھارت لوگوں کا دھیان ہٹانے کے لئے ایسی خبریں دے رہا ہے انہوں نے کہا کہ یہ کہنا بھی درست نہیں کہ بھارت اپنے اندرونی معاملات سے اپنے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے ایسا کررہا ہے۔ مینن نے کہا کہ ان کے پاس اس بارے ٹھوس ثبوت موجود ہیں کہ پاکستانی ادارے اس کارروائی کے ماسٹر مائنڈ تھے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ میکنزم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں یہ بات منطقی ہے کہ دہشت گردی کی اس طرح کی کارروائیوں کے ثبوت بھی مشترکہ میکنزم کے تحت لائے جائیں۔