بھارت : نچلی ذات کے ہزاروں دلتوں نے بدھ مت اور عیسائی مذہب اختیارکرلیا

ہفتہ 14 اکتوبر 2006 23:12

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اکتوبر۔2006ء) بھارت کے مغربی شہر ناگ پور میں ہزاروں دلتوں نےایک احتجاجی ریلی میں بدھ مت اور عیسائی مذہب قبول کرلیا ۔ یہ ریلی بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیراقتدار ریاستوں میں تبدیلی مذہب کے خلاف ایک نئے قانون کی مخالفت میں نکالی گئی۔ ناگپور کے کستور چند پارک میں ہونے والی ریلی میں دلت رہنما ادت راج اور آل انڈیا کرسچن کونسل کی قیادت میں ہزاروں دلت جمع ہوئے۔

آج سے پچاس برس قبل ناگپور میں ہی دلتوں کے رہنما ڈاکٹر امبیڈکر نے بدھ مذہب قبول کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دلت رہنما ادت راج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ آئین میں جین اور بدھ مذہب کو ہندو مذہب سے الگ بتایا گيا ہے لیکن گجرات حکومت نے انہیں ہندو مذہب کا حصہ بتا کر مذہبی آزادی پر حملہ کیا ہے۔‘آل انڈیا کرسچن کونسل کے صدر ڈاکٹر جوزف ڈسوزا نے کہا کہ ’ڈاکٹر امبیڈکر نے بھارت میں مذہبی اور فرد کی آزادی کو یقینی بنانے میں اہم رول ادا کیا تھا اور آج ہم اسی آزادی کا اظہار کررہے ہیں۔‘دلتوں کا کہناہے کہ اگران کے خلاف ذات پات کی بنیاد پر سماج میں امتیازی سلوک جاری رہا تو وہ ایسے مذہب کو چھوڑ کے وہ راستہ اختیار کریں گے جہاں انہیں انسانی بنیادوں پر برابری کے حقوق حاصل ہوں

متعلقہ عنوان :