پی آئی اے کے 4بوئنگ747 طیارے 30اکتوبر کے بعد برطانیہ اور یورپ نہیں جا سکیں گے ،آخری پرواز کل لندن جائیگی ، وزیرداخلہ کی سربراہی میں اپوزیشن کے ارکان اسی پرواز سے برطانیہ جائیں گے

ہفتہ 28 اکتوبر 2006 19:25

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اکتوبر۔2006ء) برطانیہ اور پورپی یونین کی سول ایوی ایشن کے مطالبہ پر پی آئی اے کے چار بوئنگ 747طیارے 30اکتوبر کو گراؤنڈ کردیئے جائیں گے اور بوئنگ 747کی برطانیہ کیلئے آخری پرواز اتوار کو لندن جائے گی جس میں وزیرداخلہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ اوردیگر ارکان اسمبلی سفر کریں گے باخبر ذرائع نے بتایاکہ برطانیہ اور یورپی یونین کی سول ایوی ایشن کے حکام نے گزشتہ ایک سال سے پی آئی اے پر یہ بات واضح کردی تھی کہ بوئنگ طیارے747اپنی معیاد پوری کرچکے ہیں اور یہ طیارے قابل استعمال نہیں رہے اور اگر پی آئی اے نے 30اکتوبر تک ان طیاروں کوگراؤنڈ نہ کیا تو انہیں برطانیہ اور یورپ کے ایئر پورٹس پر اترنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جس کے بعد پی آئی اے حکام نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ان چار طیاروں کو تیس اکتوبر تک گراؤنڈ کردیا جائے گا اورآئندہ یورپ اور برطانیہ کیلئے انہیں استعمال میں نہیں لایا جائے گا اور ان کی جگہ 777طیارے استعمال کیے جائیں گے پی آئی اے کے پاس صرف تین 777طیارے ہیں جو امریکہ ، کینیڈا کے لیے خریدے گئے تھے جبکہ جنوری میں مزید دو 777جہاز پی آئی اے کو مل جائیں گے اتوار کولندن جانیوالی بوئنگ747 کی آخری پرواز میں وزیرداخلہ آفتاب شیر پاؤ کی قیادت میں پبلک سیفٹی کمیشن کے ارکان لندن جائیں گے جہاں وہ گیارہ نومبر تک قیام کریں گے اس وفد میں مسلم لیگ (ن) کی بیگم عشرت اشرف ،پیپلزپارٹی کے نیئربخاری ،ایم ایم اے عبدالغفور حیدری ، ایم کیو ایم کی رکن سبینہ طلعت ، وفاقی سیکرٹری داخلہ سید کمال شاہ ، اور پبلک سیفٹی کمیشن کے سیکرٹری شعیب مڑل ہمراہ ہوں گے کمیشن کے ارکان لندن میں برطانوی حکام سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ عشرت اشرف لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گی۔