دبئی گلف ڈریم کروز کراچی پورٹ پہنچ گیا ، افتتاح ہفتے کو کراچی بندر گاہ پر صدر مملکت جنرل پرویز مشرف نے کیا

ہفتہ 4 نومبر 2006 20:58

کراچی (اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔4اکتوبر۔2006ء) دبئی گلف ڈریم کروز کراچی پورٹ پہنچ گیا ہے۔ دبئی گلف ڈریم کروز کا افتتاح ہفتے کو کراچی بندر گاہ پر صدر مملکت جنرل پرویز مشرف نے کیا ۔ڈریم کروز کے پہلے سفر میں تجرباتی طور پر پانچ سو لوگوں کو لے جایا جا رہا ہے۔ ڈریم کروز کے لئے کراچی پورٹ کے ویسٹ وارف پر ایک ٹرمینل تعمیر کیا گیا ہے جس میں کسٹمز، گرین چینل سامان کی چیکنگ کے آلات اور سیکورٹی کے انتظامات ریکارڈ صرف بیس دن میں مکمل کئے گئے ہیں۔

ٹرمینل سے برتھ تک کے سفر کے لئے اے سی بس کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس گلف ڈریم کروز لائنر میں فائیو اسٹار ہوٹل چوبیس گھنٹے ریسٹورنٹ، سوئمنگ پولز، سیلون، ڈیوٹی فری شاپنگ، کنسرٹس، کامیڈی شوز، فٹنس سینٹر، ٹیبل ٹینس، بینجو اور کارڈ گیم جیسی سہولیات موجود ہوں گی اور اس کا سفر 5 دن پر مشتمل ہوگا اور یہ دبئی جائے گا جہاں اس کا قیام ایک دن ہوگا۔

(جاری ہے)

اس کروز کے مالک اسے زیادہ تر بحیرہ روم، قبرص اور دیگر یورپی روٹس پر چلاتے ہیں۔ تاہم اس سال انہوں نے یہ سہولت دبئی سے آفر ہونے کے باوجود کراچی سے متعارف کروائی ہے۔ 540 کمروں اور 400 کریو پر مشتمل 196 میٹر لمبے کروز لائنز میں 1250 افراد کی گنجائش ہو گی جس کے لئے کراچی پورٹ کی ویسٹ وہارف پر برتھ نمبر پچیس پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس کروز کی تین سے ساتویں منزل کی مختلف کیٹیگریز کے ایک ٹکٹ کی مالیت ساڑھے 33 ہزار سے 52 ہزار روپے ہوگی جبکہ مہینے میں یہ سروس چار سے پانچ مرتبہ دبئی جائے گی۔