پاکستان جنوبی ایشیاء میں آزادانہ تجارت کے معاہدے سافٹا کو ناکام بنانا چاہتا ہے،بھارت کا الزام،پاکستان کی طرف سے ٹیرف کی کمی کو مکمل طور پر نافذ نہ کرنے سے معاہدہ عدم تحفظ کا شکار ہو جائے گا،بھارتی وزیر خارجہ پرناپ مکھر جی کا فورم سے خطاب

منگل 7 نومبر 2006 22:53

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7نومبر۔2006ء) بھارت نے الزام لگایا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیاء میں آزادانہ تجارت کے معاہدے سافٹا کی راہ میں روڑے اٹکا کر اسے ناکام بنانا چاہتا ہے۔ منگل کے روز یہاں ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ پرناب مکھر جی نے الزام لگایا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء میں آزادانہ تجارت کے معاہدے سافٹا کی راہ میں روڑے اٹکا کر اسے ناکام بنانا چاہتا ہے۔

مکھر جی نے کہا کہ جنوری 2004ء میں طے پانے والے اس معاہدے کو رواں سال کے اوائل میں نافذ کیا گیا لیکن پاکستان کی طرف سے ٹیرف کی کمی کو مکمل طور پر نافذ نہ کرنے سے یہ معاہدہ عدم تحفظ کا شکار ہو کر ختم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیرف کی کمی کے حوالے سے مذاکرات مکمل ہو چکے ہیں اور یکم جنوری سے ان کو نافذ العمل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تاہم انہوں نے امید ظاہر کی دونوں ممالک کے سیکرٹری خارجہ کے درمیان ہونے والے دو روزہ مذاکرات کے موقع پر پاکستان کو اس بارے میں قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

مکھر جی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہماری تجارت ایک مثبت فہرست کی بنیاد پر ہے۔ تاہم وہ اسے آزادانہ تجارت نہیں کہتے اور حال ہی میں انہوں نے مزید 78 اشیاء کا اضافہ کر دیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ہمیں اشیاء کی تعداد سے کوئی دلچسپی نہیں ہم تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ آزادانہ تجارت کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :