اپوزیشن متحد ہو کر انتخابات میں حصہ لے، نواز شریف،مشرف حکومت نے عوام کو بیروزگاری، لاقانونیت اور مہنگائی کے سوا کچھ نہیں دیا، لندن میں صحافیوں سے گفتگو

منگل 5 دسمبر 2006 23:08

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5دسمبر۔2006ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ مشرف حکومت کے خاتمے کیلئے اپوزیشن کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، میری خواہش ہے کہ اپوزیشن متحد ہو کر انتخابات میں حصہ لے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کویہاں لندن میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات میں اپوزیشن جماعتیں ایک دوسرے سے ایڈجسٹمنٹ بھی کر سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات ملک کی سمت درست کرنے میں اہم کردارادا کریں گے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ مشرف حکومت نے عوام کو مہنگائی، لاقانونیت اور بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔ اعتدال پسندی اور رشن خیالی کے نام پر ملک کے نظریے اور تشخص کوپامال کیا جا رہا ہے کشمیر اورفاغان پالیسی کے بعد نیوکلیئر پالیسی کوبھی تبدیل کرنے کے بارے میں غور و خوض ہو رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ اے آرڈی میں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہم پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر حقیقی جمہوریت کی بحالی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔