عید الاضحی کے موقع پر ہمیں اپنے زلزلہ زدگان بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے ،وزیراعلیٰ پنجاب

اتوار 31 دسمبر 2006 16:23

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31دسمبر۔2006ء) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے کہاہے کہ عیدالاضحی ہمارا مذہبی تہوار ہے جو ہمیں اتحاد اور قربانی کے اس جذبہ کی یاد دلاتا ہے جس کا عملی مظاہرہ اللہ تعالی کیلئے پیغمبر حضرت ابراہیم علیہ السلام نے کیا-انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اللہ تعالی کی رضا وخوشنودی کے لئے ایثار و قربانی کی جو عظیم الشان مثال قائم کی ہے اس سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ خالق کائنات کی خوشنودی کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دینے کانام ہی عبادت ہے - اپنے پیغام میں انہوں کہا کہ آج کے دن ہمیں مستحقین کی زیادہ سے زیادہ مددکرنی چاہیے کیونکہ ہمارا مذہبی اوراخلاقی فریضہ بھی ہم سے یہی تقاضا کرتا ہے- انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر ہمیں اپنے آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات کے ان بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے جو قدرتی آفت کے نتیجے میں تباہی کا شکار ہوئے - وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ ہمیں ان کی بھر پور امداد کو یقینی بنانا چاہیے جو آج بھی ہماری مزید توجہ اور امداد کے مستحق ہیں-وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ہمیں چاہیے کہ اسلامی اخوت اوربھائی چارے کامظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹیں اور عہد کریں کہ ہم اللہ تعالی کی رضا کے حصول کے لیے انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا محور بنائیں گے -