باڑہ تحصیل خیبر ایجنسی میں برسرپیکار متحارب گروپوں کے مابین مسلح تصادم چار افراد جاں بحق

بدھ 3 جنوری 2007 19:57

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 3جنور ی 2007ء ) خیبر ایجنسی کے تحصیل باڑہ میں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایجنسی میں حالات مزید خراب ہونے سے بچانے کے لئے پولیٹیکل انتظامیہ نے ایف سی طلب کرلی گئی ہے تفصیلات کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران خیبر ایجنسی میں جاری کشیدگی کے نتیجے میں اب تک کم از کم ایک سو بیس افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پچاس سے زائد گھروں کو مسمار کیا گیا ہے تحصیل باڑہ کے علاقے قمبر آباد میں دو گروپوں نے گزشتہ روز اچانک ایک دوسرے پر فائرنگ کردی فائرنگ کے نتیجے میں شکیل ،کریم ، اور دوران خان موقع پرہلاک ہوگئے جبکہ تیراہ میں بھی دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دس سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا دوسری جانب علاقے میں امن وآمان کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیٹیکل انتظامیہ نے فرنٹیئر کورکے دستے طلب کرلئے ہیں واضح رہے کہ ایجنسی میں جاری کشیدگی ختم کرنے کیلئے عید الضحی سے قبل پشاور میں گرینڈ جرگہ منعقد ہوا تھا جس میں آٹھ جنوری تک فائر بندی پرآمادگی کا دعوی کیا گیا تھا تاہم فریقین نے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔