پاکستان خطے میں ہمارااہم شراکت دار ہے ،تعاون مزید مضبوط کرینگے ،امریکہ

پاکستان سے رشتہ مزید مضبوط بنانے کی کوشش کرینگے، امریکا کا پاکستان کیلئے 10 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی کا منصوبہ ہے،ویدانت پٹیل کی پریس بریفنگ

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 26 اپریل 2024 11:11

پاکستان خطے میں ہمارااہم شراکت دار ہے ،تعاون مزید مضبوط کرینگے ،امریکہ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 اپریل2024 ء) امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں ہمارا اہم شراکت دار ہے ،پاکستان سے رشتہ مزید مضبوط بنانے کی کوشش کرینگے، پاکستان کے ساتھ مل کر قابل تجدید توانائی پرکام کر رہے ہیں، امریکا کا پاکستان کیلئے 10 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی کا منصوبہ ہے، پاکستان سے سکیورٹی اور تجارتی شعبے میں خاص شراکت داری ہے ۔

امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان نے پریس بریفنگ میں گفتگو کرتے کہا کہ ہمارا پاکستان کے ساتھ سکیورٹی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون جاری ہے۔ پاکستان سے ہمارا مضبوط رشتہ ہے اور اسے مزید مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے۔ پاکستانی وزیر خزانہ دورے کے دوران محکمہ خارجہ کے ارکان سے مشاورت کیلئے ملے۔

(جاری ہے)

پاکستان خطے میں ہمارے اہم ترین شراکت داروں میں سے ایک ہے۔

ہمارا ہدف پاکستان کو 2030 تک 60 فیصد قابل تجدید توانائی فراہم کرنا ہے۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہر تیسرے پاکستانی گھرانوں کو شمسی توانائی سے بجلی فراہم کی جاسکے گی۔ پہلے ہی لاکھوں پاکستانیوں کو ہزاروں میگاواٹ کلین انرجی فراہم کررہے ہیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی تحقیق و ترقی پر لمز کو دی گئی 5 لاکھ ڈالر کی گرانٹ سے کام چل رہا ہے، یوایس ایڈ نے پاکستانی کلائمیٹ فنڈ کیلئے تقریباً 100 ملین ڈالر فراہم کئے ہیں۔

امریکہ چاہتا کہ پاکستان سے مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جائے ۔تجارتی اور سیکور ٹی شعبے میں ہمار ی پاکستان کے ساتھ خاصی شراکت داری ہے۔جمہوریت میں ایک آزاد پریس کا لازمی کردار ہے، ہم باقاعدگی سے پریس کے سوالات کا سامنا کرتے ہیں، سکھ رہنما پر حملے کا معاملہ امریکی محکمہ انصاف دیکھ رہا ہے۔