مصباح کی والدہ عدالت سے باہرمعاملہ طے کرنے پر تیار ہو گئی۔بچی کے والد تعاون نہیں کررہے ۔ چیف جسٹس

بدھ 10 جنوری 2007 18:10

مصباح کی والدہ عدالت سے باہرمعاملہ طے کرنے پر تیار ہو گئی۔بچی کے والد ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین10جنوری2007 ) سپریم کورٹ کو بتایا گیا ہے کہ بارہ سالہ برطانوی نژاد شہری مصباح ارم کی والدہ عدالت سے باہر مسائل حل کرنے پر تیار ہے اس مقصد کیلئے مصباح کو سکاٹ لینڈ بھیجوایا جائے تاہم مصباح کے وکیل نے اسے بھیجنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر مصباح کی والدہ اس سے ملنا چاہتی ہے تو وہ پاکستان آئے ۔بدھ کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری جسٹس میاں شاکر اللہ جان اور جسٹس سید سعید اشہد پر مشتمل بنچ نے مصباح ارم کے والد سجاد احمد رانا کی طرف سے دائر کی گئی درخواست کی اور دونوں فریقوں کو ہدایت کی کہ وہ اگر سمجھوتا کرنا چاہتے ہیں تو اس کی شرائط تحریری طورپرعدالت میں پیش کریں اس کے بعد درخواست کی سماعت 17جنوری تک ملتوی کردی گئی ۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل اور مصباح کی والدہ لوئس کیمبل کی نمائندہ ناہیدہ محبوب الہی نے عدالت کو بتایاکہ ان کی مئوکلہ عدالت سے باہر معاملہ طے کرنے کیلئے تیار ہے اس مقصد کیلئے اس کی بیٹی کو سکاٹ لینڈ بھجوایا جائے ۔

(جاری ہے)

تاہم مصباح ارم کے والدہ سجاد احمد رانا کے وکیل ملک محمد قیوم نے کہاکہ انہیں عدالت سے باہر معاملہ طے کرنے پر کوئی اعتراض نہیں تاہم موجودہ حالات میں مصباح کو سکاٹ لینڈ نہیں بھجوایا جاسکتا۔

اگر بچی کی والدہ ملاقات کرنا چاہتی ہے تو انہیں پاکستان آنا پڑے گا ۔چیف جسٹس نے کہاکہ بچی کے والد تعاون نہیں کررہے اس لیے وہ بچی کو آج عدالت میں نہیں لائے ہم نے ان پر اعتماد کیا ہے لیکن وہ ہم پراعتماد نہیں کررہے ۔عدالت نے حکم دیا کہ بچی کو ماں سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے کی اجازت دی جائے گی۔مصباح کے والد سجاد احمد رانا نے لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بنچ کی طرف سے بچی کو ماں کے حوالے کرنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے اور اپنی درخواست میں کہا ہے کہ بچی مسلمان جبکہ اس کی والدہ غیر مسلم ہے اس لیے بچی کے معاملے میں شریعت اور اسلامی اصولوں کو مد نظر رکھا جانا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :