اپوزیشن اور عوام کو متحد و متحرک کر کے ملک کو فوجی جرنیلوں سے نجات دلا نے میں کامیاب ہو جائینگے ۔ قاضی حسین احمد

جمعرات 25 جنوری 2007 15:10

لاہور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین25جنوری2007 ) متحدہ مجلس عمل کے صدر و امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف کی آمریت کے خاتمے کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں ۔ اپوزیشن جماعتوں اور عوام کو متحد و متحرک کر کے ملک کو فوجی جرنیلوں سے نجات دلا کر یہاں جمہوریت بحال کروانے میں کامیاب ہو جائینگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز جماعت منصورہ میں گورنمنٹ ڈگر ی کالج ژوب بلوچستان کے طلبہ کے ایک وفد سے خطاب کے دوران کیا ۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف کے اسلام دشمن ایجنڈے کے خلاف بھر پور مزاحمت کرنے کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کا اکٹھا ہونا وقت کی ضرورت ہے ۔ جنرل مشرف کے ہوتے ہوئے ملک میں کوئی بھی الیکشن صاف شفاف اور منصفانہ نہیں ہو سکتے ۔

(جاری ہے)

فوجی وردی کے ہوتے ہوئے ملک کے مسائل حل نہیں ہونگے ۔ عوام جنرل مشرف کی غلط داخلہ و خارجہ پالیسیوں سے بیزار ہو چکے ہیں اور وہ متحدہ مجلس عمل کی قیادت کی طرف آرہے ہیں ۔ ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے ملک کے گھمبیر مسائل انقلابی تبدیلی کے بغیر حل نہیں ہو سکتے وڈیرے اور جاگیر دار غریبوں پر اپنی گرفت مضبوط رکھنے کیلئے انکی تعلیم کے خلاف ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ملک کا صدر یا وزیر اعظم نہیں بننا چاہتا بلکہ میں ایک ایسی امین و دیانتدار قیادت ملک و قوم کو دینا چاہتا ہوں جو ملک کی خود مختار ‘اسلامی نظریے ‘اسلامی اقدار اور ثقافت کی حفاظت کر سکے جو ملک و قوم کی بہتری کیلئے آزاد انہ فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو اور امریکی غلامی کے طوق سے قوم کو نجات دلا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران بزدل ہیں یہ غیر ملکی طاقتوں کے اشارے پر میراتھن ‘بسنت جیسی خرافات کو پروان چڑھا رہے ہیں ۔ جنرل مشرف امریکہ ‘بھارت اور اسرائیل سے تو تعلقات بڑھا رہے ہیں لیکن اپنی عوام پر گولیاں برسا کر پاکستانی فوج کو متنازعہ بانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ جنرل مشرف پاکستان کو امریکہ کا فرنٹ لائن اتحادی بنا کر افغانستان اور قبائلی علاقہ جات کے نہتے و مظلوم مسلمانوں کو قتل کروا رہے ہیں ۔

افغانستان میں امریکی اور نیٹو افواج کو شدید مزاحمت کا سامنا ہے جس کا الزام وہ پاکستان پر لگا رہے ہیں اسی الزام کے نتیجہ میں امریکی فوج باجوڑ اور قبائلی علاقہ جات پر حملے کر رہی ہے ۔ قاضی حسین احمد نے کشمیر پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ استعماری طاقتیں بھارت کی پشت پناہی کر رہی ہیں جبکہ حکمران بھارت کو سہولتیں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر ی عوام کو حق استصواب رائے دنے میں ہی ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں قاضی حسین احمد نے کاہ کہ لوگوں کی بنیادی ضروریات روئی ‘کپڑا ‘مکان اور تعلیم و صحت ہمارے منشور کا بنیادی حصہ ہیں ۔