اسرائیلی وزیراعظم ایہود المرٹ نے وزیردفاع کی جانب سے مسجد الاقصی کے نزدیک تعمیراتی کام روکنے کا مطالبہ مسترد کردیا۔فلسطینیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے جاری

جمعہ 9 فروری 2007 12:28

غزہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین09فروری2007 ) اسرائیلی وزیراعظم ایہود المرٹ نے وزیردفاع کی جانب سے مسجد الاقصی کے نزدیک تعمیراتی کام روکنے کا مطالبہ مسترد کردیا۔فلسطینیوں اور اسلامی ممالک کی جانب سےمظاہروں اور تعمیر روکنے کے مطالبات کے بعداسرائیلی وزیر دفاع عامیر پیریٹز نے وزیر اعظم ایہود المرٹ کو ایک خط میں صورتحال کے مزید خراب ہوجانے کا انتباہ کرتے ہوئے تعمیراتی کام روکنے کا مطالبہ کیا تھا ۔

تاہم اسرائیلی وزیر اعظم نے اسے مسترد کر دیا۔ دوسری جانب مسجد الاقصی کے داخلی دروازے کے نزدیک تعمیراتی کام کے خلاف فلسطینیوں کا احتجاج جاری ہے۔ آج نماز جمعہ کے بعد ہونےوالے متوقع مظاہروں‌کے پیش نظر بیت المقدس میں پولیس کے تین ہزار اہلکار تعینات کر دئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

۔۔فلسطینی رہنماؤں نے کہا ہے کہ مسجد الاقصی کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور اسرائیل کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

عرب رہنماؤں نے بھی اسرائیلی اقدام پر گہری تشویش ظاہر کی ہے ۔اردن کے شاہ عبداللہ ثانی نے کہا ہے کہ اسرائیلی اقدام سے عرب اسرائیل امن عمل کو نقصان پہنچے گا۔ مراکش اور مصر نے بھی اسرائیل سے مسجد الاقصی کے نزدیک تعمیراتی کام فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر یروشلم میں فلسطینی مفتی محمد حسینی نےمسجد الاقصی کے قریب فلسطینیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقامات مقدسہ کی دشمنوں سےحفاظت کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔