امن طاقت حاصل کیاجاسکتا ہے کمزوری سے نہیں ، مسلح افواج کو تمام ضروری وسائل مہیا کررہے ہیں ، وزیراعظم شوکت کی چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی سے بات چیت

جمعرات 15 فروری 2007 22:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15فروری۔ 2007ء) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے مضبوط دفاع کے عزم پر کار بند ہے جو صرف اقتصادی خود مختاری ،بلارکاوٹ سیاسی عمل ، بہترہمسائیگی دوستانہ عالمی ماحول اور بہترنظم و نسق کے ذریعے حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ امن طاقت حاصل کیاجاسکتا ہے کمزوری سے نہیں ، مسلح افواج کو تمام ضروری وسائل مہیا کررہے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل احسان الحق سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ شوکت عزیز نے کہاکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور کسی دوسرے ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا تاہم ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ امن طاقت سے حاصل ہوسکتا ہے کمزوری سے نہیں انہوں نے کہاکہ حکومت اسی لیے اپنی مسلح افواج کو امن قائم رکھنے کیلئے تمام ضروری وسائل مہیا کررہی ہے انہوں نے کہاکہ ایک ذمہ دار ایٹمی ملک کی حیثیت سے پاکستان کم سے کم دفاعی صلاحیت پریقین رکھتا ہے تاکہ خطے میں امن کا قیام یقینی بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران قومی سلامتی اور دفاع کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی نے وزیراعظم کواس حوالے سے مجموعی دفاعی حکمت عملی اور سیکورٹی کے حوالے سے بین الاقوامی حالات کے تحت مسلح افواج کو عصرحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے بارے میں بتایا۔انہوں نے اپنے حالیہ دورہ الجیریا ، لیبیا ، یمن اور ابو ظہبی کے بارے میں بھی بتایااور ان ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون کے امکانات سے آگاہ کیا۔