جنگجو گروپوں کی جانب سے بھارتی سٹاک مارکیٹ استعمال کرنے کی روک تھام کی جائے گی،بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ

جمعہ 16 فروری 2007 14:36

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16فروری۔2007ء ) بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستانی حمایت یافتہ جنگجوگروپوں کی طرف سے بھارتی سٹاک مارکیٹ کو استعمال کرنے کے واقعات کی روک تھام کے اقدامات کئے جائیں گے-بھارتی وزیراعظم نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جن جنگجوؤں گروپوں کا تعلق پاکستان سے ہے وہ بھارت کی سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کر رہے ہیں اورا پنی آپریشنز کیلئے بھارتی سٹاک مارکیٹ کو استعمال کر رہے ہیں ان کے خلاف تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی اور ان سے سختی سے نمٹا جائے گا- انہوں نے کہاکہ وہ ان اطلاعات پر کہ جنگجو گروپ بھارتی سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کرتے ہیں اور اس کے ذریعے اپنی بھارت مخالف سرگرمیوں کو تیز کرتے ہیں اس بارے میں وہ رد عمل ظاہر کر کے بھارتی تاجروں کی تشویش کو بڑھانا نہیں چاہتے- وہ اس بارے میں کسی اہم موقع پر اپنے رد عمل کا اظہار کریں گے- بھارتی وزیراعظم نے کہاکہ حکومت اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہے اور جو خدشات ہیں انہیں دور کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے یاد رہے کہ جرمنی کے میونخ علاقے میں 43 سکیورٹی پارلیسی پر منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر ایم کے نارائنن نے کہا تھا کہ بھارتی سٹاک مارکیٹ میں جنگجو گروپ کاروبار کرتے ہیں اور وہ اپنی کاروائیوں کو فنڈ مہیا کرنے میں مصروف ہیں-نارائنن نے پاکستان کے حبیب بنک کا نام لیتے ہوئے کہا کہ جنگجو مختلف چینلز کا استعمال کر کے بھارت میں اپنی جنگجویانہ سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں-