قائم مقام چیف جسٹس جاوید اقبال نے لاہور میں وکلاء اور صحافیوں پر تشدد کے واقعات کا نوٹس لے کرحکومت پنجاب سے وقوعے کی رپورٹ طلب کر لی

ہفتہ 17 مارچ 2007 16:39

لاہور (اردوپوئنٹ تازہ ترین اخبار17 مارچ2007) قائم مقام چیف جسٹس جاوید اقبال نے لاہور میں وکلاء اور صحافیوں پر تشدد کے واقعات کا نوٹس لے لیا ہے چیف جسٹس نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو ہدایت کی کہ وہ پولیس کو لاہور ہائی کورٹ کی عمارت سے باہر نکالنے اور وکلاء پر پولیس تشدد بند کروانے کے لئے متعلقہ حکام سے رابطے کئے جائیں ایڈووکیٹ اطہر من اللہ نے قائم مقام چیف جسٹس کو ایک درخواست دی جس میں انہوں نے کہا کہ وکلاء لاہور میں ایک پر امن وکلاء کنوینشن منعقد کرنا چاہتے تھے لیکن پنجاب پولیس نے لاہور ہائی کورٹ پر دھاوا بول دیا اور وکلاء کے چیمبر میں داخل ہوکر انہیں بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس پر چیف جسٹس نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے رجسٹرار سپریم کورٹ کو اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے حکومت پنجاب سے وقوعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔