صحافیوں پر پولیس تشدد کی عدالتی تحقیقات کا حکم‘ نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔ قائمقام چیف جسٹس

منگل 20 مارچ 2007 14:08

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین20 مارچ 2007 ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے لاہور میں صحافیوں پر پولیس تشدد کے خلاف ہائی کورٹ کے سینئر جج کو انکوائری کا حکم دیا ہے اور حکومت پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ صحافیوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

قائمقام چیف جسٹس جاوید اقبال نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ صحافت جمہوریت کا ایک اہم ستون ہے اگر آپ کیمرے توڑیں گے تو اس سے معاشرے میں برے اثرات مرتب ہوتے ہیں واقعے کی وجوہات کو ختم کیا جانا چاہئے جس سے خبریں جنم لیتی ہیں سیکرٹری اطلاعات پنجاب پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران سے ملاقات کریں اور ان کے نقصانات کی تلافی کریں کیونکہ حکومت پنجاب بہت امیر حکومت ہے۔

انہوں نے یہ ریمارکس منگل کے روز پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی درخواست پر از خود نوٹس کی کارروائی کی سماعت کے دوران ادا کئے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب سلمان صدیق‘ آئی جی پنجاب احمد نسیم اور دوسرے اعلیٰ حکام موجود تھے۔ قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ صحافیوں کے کیمرے توڑ دیئے گئے کیمرے توڑنے سے مسائل حل نہیں ہوتے صحافیوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔