کرم ایجنسی طوفان وسیلاب،سرکاری املاک کو 35کروڑ روپے، نجی مکانات اور دیگر تعمیرات کا کو 91کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ،ہر متاثر خاندان کو 20ہزار روپے کی رقم فراہم کر دی گئی ،گورنر سرحد کوکرم ایجنسی کے ہنگامی دورے کے موقع پر بریفنگ ،متاثر ین کو مالی امداد فراہم کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے بھی رابطہ کیا جائے گا،انتظامیہ امدادی سرگرمیاں تیز کردے ، ریلیف ایکٹ کو فاٹا تک توسیع دینے کی کوشش کررہے ہیں،گورنر سرحد کا متاثرین سے خطاب

پیر 2 اپریل 2007 22:16

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اپریل۔ 2007ء) صوبہ سرحد کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل(ر) علی محمد جان اورکزئی نے پیر کے روز کرم ایجنسی کا ہنگامی دورہ کیا ؛جس کے دوران انہوں نے ایجنسی میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا انہوں نے پولیٹیکل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نقصان کا صحیح اندازہ لگانے کیلئے تفصیلی سروے کرایا جائے تاکہ متاثر ین کو جلد از جلد معاوضہ ادا کیا جاسکے گورنر نے ایجنسی کے شینڈک علاقے میں ایرو گاؤں کے متاثرین سے خطاب بھی کیا جس کے دوران انہوں نے کہا کہ متاثر ین کو مالی امداد فراہم کرنے کیلئے وفاقی حکومت سے بھی رابطہ کیا جائے گا ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا جاوید اقبال اور ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ بھی گورنر کے ہمراہ تھے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کی اطلاع پانے پر انہوں نے پولیٹیکل انتظامیہ کو فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کرنے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچانے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ فاٹا نے بھی خوراکی اشیاء اور کمبلوں پر مشتمل امدادی سامان لوگوں تک پہنچایا ہے جبکہ دیگر امدادی سرگرمیوں کیلئے بلڈوزر اور دیگر مشینری بھی متاثرہ مقامات پر پہنچادی گئی ہیں ڈائریکٹر ہیلتھ فاٹا کو متاثرین کو طبی امداد فراہم کرنے کی غرض سے دو موبائیل یونٹ علاقے میں بھجوانے کی ہدایت کردی گئی ہے گورنر نے کہا کہ وہ فوری طور پر دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے لیکن عید میلاد النبی ﷺ کی وجہ سے انہیں ایک دن انتظا رکرنا پڑا گورنر اورکزئی نے کہا کہ حکومت اس قدرتی آفت سے متاثر خاندانوں کو مکمل امداد فراہم کررہی ہے اورخدا کا شکر ہے کہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم حکومت کو مالی نقصانات کا بھرپور احساس ہے جس کیلئے پولیٹیکل انتظامیہ تفصیلی جائزہ لے کر معاوضات کی ادائیگی کیلئے رجوع کرے گی گورنر نے علاقے کے لوگوں کے جرأت اور حوصلے کی تعریف کی انہوں نے کہا کہ حکومت تنہا ان نقصانا ت کو پورا نہیں کرسکتی ؛جس کیلئے لوگوں کو بھی اپنی امداد آپ کے تحت آگے آنا ہوگا گورنر نے متاثر کو بتایا کہ انجمن ہلال احمر نے پہلی بار فاٹا میں اپنی سرگرمیاں شروع کی ہیں اور کرم ایجنسی کے متاثرین کیلئے امداد ی اشیاء بجھوا ئی ہیں انہوں نے قبائیل کو بتایا کہ وہ ریلیف ایکٹ کو فاٹا تک توسیع دینے کی کوشش کررہے ہیں قبل ازیں گورنر نے ایجنسی کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا بعد میں گورنر شلوزان گاؤں گئے جو بارشوں سے مکمل طور پر تباہ ہوا ہے گورنر نے تمام تباہ حال گھروں اور فصلوں کا معائنہ کیا اور علاقے کے لوگوں کو تسلی دی انہوں نے کہا کہ متاثرین کو اس قدرتی آفت کا ہمت او رحوصلے سے مقابلہ کرنا چاہیئے گورنر تقریباً ایک گھنٹے تک متاثرہ گاؤں میں رہے اورسیلابی پانی میں گری ہوئی گاڑیوں کو باہر نکالنے کے عمل کا معائنہ کیا قبل ازیں پاڑا چنار پہنچنے پر ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ صاحبزادہ محمد انیس نے گورنر کو بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر مختصر بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ بارشوں اور سیلاب سے کھڑی فصلوں اور باغات کو شدید نقصان پہنچاہے ابتدائی اندازے کے مطابق ایجنسی میں فصلوں کے نقصانات کا اندازہ 43کروڑ روپے لگایا گیا ہے انہوں نے گورنر سے امدادی سرگرمیوں کیلئے مزید مشینری فراہم کرنے کی درخواست کی گورنر کو بتایا گیا کہ سرکاری املاک کے نقصانات کا اندازہ 35کروڑ روپے جبکہ نجی مکانات اور دیگر تعمیرات کو تقریباً 91 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے اور پولیٹیکل انتظامیہ نے ہر متاثر خاندان کو 20ہزار روپے کی رقم فراہم کی ہے ۔