افغانستان نے طالبان سے مذاکرات کا جرمن جماعت کا مشورہ مسترد کر دیا

جمعرات 5 اپریل 2007 20:14

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اپریل۔2007ء) افغانستان نے جرمن چانسلر انجیلا مارکل کی اتحادی جماعت نیشنل ڈیمو کریٹک پارٹی کے اس بیان کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں افغان حکام پرزوردیا گیا تھا کہ وہ ماڈریٹ طالبان کے ساتھ بات چیت کا آغاز کریں ، جرمن ریڈیو سے انٹرویو میں افغانستان کے وزیر خارجہ رنگین دادفر نے کہا کہ ہمارے ہاں مارڈریٹ اور نان ماڈریٹ طالبان کا کوئی تصور نہیں اور یہ فرق صرف وہی لوگ کررہے ہیں جو افغانستان سے باہر بیٹھے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں طالبان سے بات چیت کرنے کی باتیں کرنے کی بجائے ان کے خلاف فوری اور عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ اتحادی ممالک کو افغانستان میں امن وامان کے قیام اور استحکام کیلئے افغان حکومت کی مزید معاونت کرنا ہوگی اس سے قبل جرمنی میں حکومت کی حلیف جماعت نیشنل ڈیمو کریٹک پارٹی کے سربراہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ افغان حکام کو ماڈریٹ طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلئے راہ ہموار کرنی چاہیے ۔