حماد رضا کیس ، اسلام آباد کے پولیس افسران کی سپریم کورٹ میں پیشی ، تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا

بدھ 16 مئی 2007 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مئی۔2007ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈیشنل رجسٹرار سید حماس رضا کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں بدھ کو ڈی آئی جی شاہد ندیم بلوچ اور کیس کے انوسٹی گیشن آفیسر سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق سوموار کو سپریم کورٹ کے قتل ہونے والے ایڈیشنل رجسٹرار سید حماد رضا کے قتل کی تحقیقات کیلئے ڈی آئی جی اسلام آباد شاہد ندیم بلوچ اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن شاہد بدھ کے روز سپریم کورٹ میں حاضر ہوئے اور کیس کی تحقیقات کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر عدلات عالیہ کے معزز جج صاحبان نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ مقتول حماد رضا کیس کی تحقیقات مکمل دیانت اور شفاف انداز میں کی جائیں اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن نے عدالت کو بتایا کہ وہ اس کیس کی تحقیقات خود کر رہے ہیں اور تمام پہلوؤں سے حماد رضا کے قتل کا بغور جائزہ لے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل رجسٹرار کے قاتل میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ مقتول ایڈیشنل رجسٹرار سید حماد رضا کو سوموار کے روز اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر نامعلوم افراد نے قتل کر دیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے اس پر سوموٹو ایکشن لیا تھا اور سینئر جج صاحبان پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تھی۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے اوراس سلسلے میں 20 افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماد رضا کا قتل ٹارگٹ کلنگ کے بارے میں وقت سے پہلے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔