Live Updates

الطاف حسین کو گرفتار کروا کر دم لونگا۔ عمران خان

بدھ 18 جولائی 2007 12:49

مانچسٹر(اردوپوانئٹ اخبار تازہ ترین18 جولائی2007) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل حقیقی جمہوریت کے قیام میں ہے فرد واحداپنے ناجائز اقتدار کو بچانے کیلئے فوج کے ادارے کو استعمال کر رہا ہے اگر جنرل مشرف کو اقتدار سے فوری طور پر نہ نکالا گیا تو پاکستان کا حال بھی الجیریا  عراق اور افغانستان جیسا ہو گا قوم کو متحد ہو کر جنرل مشرف کو اقتدار سے الگ کرنا پڑیگاالطاف حسین کو سکارٹ لینڈ یارڈ سے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کروا کر دم لوں گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف  پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے صدر میاں شہباز شریف  ڈاکٹرعبدالحئی بلوچ  بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اوردیگر بھی موجود تھے عمران خان نے کہا کہ حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کو اگر غور سے پڑھا جائے تو پتا چلے گا کہ اس وقت اس رپورٹ میں لکھ دیا گیا تھا کہ پاکستانی کے فوجی جنرل لینڈ مافیا بن گئے ہیں اور ان میں پیشہ وارانہ صلاحیتیں ختم ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان اورعراق میں مکمل طور پر ناکام ہو گیا ہے ویتنام میں امریکہ کو بدترین شکست ہوئی تھی مگر افسوس جنرل مشرف اب بھی امریکہ کی جنگ لڑ رہے ہیں اور انہوں نے اپنے امریکی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے قبائلی علاقوں اور لال مسجد میں نہ صرف اپنے لوگوں کو اپنی ہی فوج کے ہاتھوں مروایا بلکہ فوجیوں کا بھی جانی نقصان ہوا تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو پتا چلتا ہے کہ انگریز کو جتنی مار وزیرستان میں پڑی ہے اتنی کبھی کسی کو نہیں پڑی اگر انگریز وہاں کامیاب نہیں ہو سکا تو جنرل مشرف کسطرح کامیاب ہوں گے انہوں نے کہا کہ اپنے ہی عوام کو بندوق کے زور پر دبانے کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوتیں امریکہ نے انسانی حقوق اور جمہوریت کے نام پر عراق میں سات لاکھ سے زائد لوگوں کا قتل عام کیا ہے اور دوسری طرف وہ پاکستان میں ایک فوجی آمر کو تھپکیاں دے رہا ہے انہوں نے کہا کہ ٹونی بلیئر بھی انسانی حقوق اور جمہوریت کی بات کرتے تھے مگر خود انہوں نے اپنے ملک میں پاکستان کے سب سے بڑے دہشت گردالطاف حسین کو پناہ دی ہوئی ہے میں قوم کو خوشخبری سناتا ہوں کے چاہے کچھ ہو جائے میں الطاف حسین کو برطانیہ کی عدالتوں میں لاؤں گا اور انشاء اللہ پھر سکارٹ لینڈ یارڈ ہی اس کو ہتھکڑیاں لگائے گی عمران خان نے کہا کہ الطاف حسین نہ صرف پاکستان بلکہ امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا دہشت گردہے اس نے کراچی والوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے اور لندن میں بیٹھ کر کراچی کو چلا رہا ہے لندن میں اس کے سیکرٹریٹ میں 40آدمی کام کرتے ہیں ان کے اخراجات کہاں سے پورے ہوتے ہیں الطاف حسین نے بھارت میں بیٹھ کر کہا کہ پاکستان کا بننا برصغیر کی بہت بڑی بدقسمتی تھی کل تک جنرل مشرف بھی الطاف حسین کو دہشت گرداور غدار کہتے تھے اور آج خود ان کو گودمیں لئے بیٹھے ہیں تاکہ ان کا اقتدار پر ناجائز قبضہ برقرار رہ سکے ایم کیو ایم کا کراچی میں صرف 13 فیصد ووٹ ہے جبکہ وہ ملک کی 50فیصد وزارتوں پر قبضہ کر کے بیٹھی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت اور عوام کو ملکر ملک کو بچانا ہو گا وگرنہ جنرل مشرف اپنے اقتدار کیلئے دوسروں کی لڑائی لڑتے لڑتے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا دیں گے انہوں نے کہا کہ فرد واحد پاکستان کی پیشہ ور فوج کو اپنے اقتدار کیلئے استعمال کر رہا ہے اگر اسے نہ روکا گیا تو ملک میں بدترین خانہ جنگی شروع ہونے کا خدشہ ہے جس میں فوج اور عوام ایک دوسرے کے سامنے ہوں گے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات