انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو روکنے کیلئے متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی،صدر مشرف ،پاکستان کو ترقی کی راہ پر جانے سے کوئی نہیں روک سکتا،صنعتی ترقی کے فروغ سے غربت اور بے روزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی،کراچی میں زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگائی جائیں ،صوبائی حکومت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرے،جب بھی خانہ کعبہ اور روضہ رسول پر جاتا ہوں تو پاکستانی سالمیت اور غریب عوام کیلئے دعا کرتا ہوں ، صد رمملکت کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب اور مسلم لیگی وزراء ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی و ناظمین سے ملاقات کے دوران گفتگو

پیر 6 اگست 2007 17:21

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6اگست۔2007ء) صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو روکنے کیلئے متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی اس کے خاتمے سے ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو گا ، پاکستان کو ترقی کی راہ پر جانے سے کوئی نہیں روک سکتا،صنعتی ترقی کے فروغ سے غربت اور بے روزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی،جب بھی خانہ کعبہ اور روضہ رسول پر جاتا ہوں تو پاکستانی سالمیت اور غریب عوام کیلئے دعا کرتا ہوں،کراچی پاکستان کا صنعتی مرکز ہے یہاں زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگائی جائیں ، صوبائی حکومت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرے جبکہ صدر نے مچھیر وں کو جدید آلات سے لیس اور کشتیاں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔

گزشتہ روز صدر مملکت نے یہاں مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، سینیٹرز ، ضلعی ناظمین اور پی پی پیٹریاٹ کے رہنماؤں سے وزیرا علیٰ ہاؤس میں ملاقات کی اور تمام اراکین نے مکمل حمایت کا یقین دلایا جبکہ صدر مملکت نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کراچی کی صنعتی ترقی کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت بھی کی جس دوران وفاقی وزیر صنعت جہانگیر خان ترین نے صدر مشرف کو صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں صنعتی ترقی کے حوالے سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر نے کہاکہ صنعتی ترقی ضروری ہے۔ کراچی پاکستان کا صنعتی شہر ہے اس لئے یہاں زیادہ سے زیادہ صنعتیں لگائی جائیں ۔ صدر نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کریں۔ صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کو روکنے کیلئے متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی اس کے خاتمے سے ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 7 سالوں میں پاکستان نے مثالی ترقی کی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں جب بھی خانہ کعبہ اور روضہ رسول پر جاتا ہوں تو پاکستانی سالمیت اور غریب عوام کیلئے دعا کرتا ہوں ۔ صدر نے کہا کہ صنعتی ترقی کے فروغ سے غربت اور بے روزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

سرمایہ کاری کیلئے صنعتی اراضی کا حصول آسان بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے صنعتی علاقوں کے قیام میں نجی شعبے کو بھی شریک کرنے کی ہدایت کی۔ تاکہ صنعتی علاقوں میں بھی بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ صدر نے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ڈیری فارموں اور مویشیوں کی افزائش کے شعبوں میں جدید رجحانات اپنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مچھیر وں کو جدید آلات سے لیس اور کشتیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ صدر نے صنعتی ترقی کے حوالے سے پالیسی کی تیاری اور عمل درآمد میں فرق دور کرنے کی بھی ہدایت کی۔