پاکستان اور بلغاریہ کا اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر اتفاق،بلغاریہ کے سفیر مسٹر ڈسمونڈ کی چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عطاء الرحمن سے ملاقات، پاکستانی طلباء و طالبات اور تحقیق کاروں کو اپنی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کی پیشکش

منگل 23 اکتوبر 2007 17:53

اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23اکتوبر2007 ) پاکستان اور بلغاریہ نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے جس کے تحت دونوں ممالک اعلیٰ تعلیم کے مختلف شعبوں میں مشترکہ تحقیقی پروگرام شروع کریں گے۔ بلغاریہ کے سفیر مسٹر ڈسمونڈ نے منگل کو یہاں چیئرمین ہائیر ایجوکیشن ڈاکٹر عطاء الرحمن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کے فروغ کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے تحقیق کار اور سیاستدان، ادویات ، اپلائیڈ سائنسز اور زراعت کے شعبوں میں مشترکہ تحقیقی پروگراموں کا آغاز کر سکتے ہیں۔ بلغارین سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات کو اعلیٰ تعلیمی شعبے میں تعاون کیلئے بھی استعمال کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلغاریہ میں میڈیکل اور زراعت سے متعلق بہت اچھی یونیورسٹیاں ہیں جن میں پاکستانی طلباء و طالبات اور تحقیق کاروں کو خوش آمدید کہا جائے گا۔

ڈاکٹر عطاء الرحمن نے بلغارین سفیر کی پیشکش کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اکیڈمی آف سائنسز اور بلغارین اکیڈمی آف سائنسز کے مابین رابطہ پروگرام شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے بلغارین سفیر کو فارن فیکلٹی ہائرنگ پروگرام کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت گزشتہ دو برسوں میں پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں میں 450 فارن فیکلٹی ممبران کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی، فرانس، سویڈن، ناروے، آسٹریا، چین اور دیگر ترقی یافتہ ممالک پاکستان کے مختلف علاقوں میں یونیورسٹیاں قائم کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا کہ پاکستان اور بلغاریہ میڈیکل سائنسز، ریاضی، فزکس، کیمسٹری، بائیو ٹیکنالوجی، میٹریل سائنسز اور نیو رو سائنسز سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :