دہلی کی پولیس نے میچ فکسنگ کے معاملے میں جنوبی افریقہ کے سابق آل راوٴنڈر نکی بوئے کو تفتیش کے لیے طلب کر لیا

جمعرات 6 دسمبر 2007 14:08

نئی دہلی (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 06 دسمبر2007 ) بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس نے سات برس پرانے ایک میچ فکسنگ کے معاملے میں جنوبی افریقہ کے سابق آل راوٴنڈر نکی بوئے کو تفتیش کے لیے طلب کیا ہے۔ نکی بوئے ان دنوں انڈین کرکٹ لیگ( آئی سی ایل) کے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھیلنے بھارت آئے ہوئے ہیں۔نکی بوئے ہریانہ کے پنچکلا میں کھیلے جانے والی اس ٹورنامنٹ کی ’حیدرآباد ہیروز‘ ٹیم میں شامل ہیں اور دہلی پولیس نے انہیں وہاں یہ نوٹس بھیجا ہے۔

دہلی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے ’ بوئے کو دفعہ 160 کے تحت نوٹس بھیجا گیا ہے۔ اس دفعہ کے تحت جس شخص کو نوٹس بھیجا جاتا ہے اسے خود کو پولیس کے سامنے حاضر ہونا پڑتا ہے۔‘ دو ہزار دو میں دلی پولیس نے جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ہینسی کرونیئے ، ہرشل گبس، نکی بوئے اور پیٹ سٹرائڈم کے خلاف میچ فکسنگ کے کئے معاملے درج کیے تھے۔

(جاری ہے)

میچ فکسنگ کا یہ معاملہ 2000 میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کے بھارت دورے سے جڑا ہے۔

اس معاملے میں نیا موڑ اس وقت آیا جب ہینسی کرونیئے نے میچ فکسنگ کے الزام کو قبول کرلیا تھا اور کہا تھا کہ ون ڈے سیریز ہارنے کے لیے انھوں نے سٹے بازوں سے رابطہ کیا تھا۔ تفتیش کے بعد کرونیئے کے کھیل پر تا حیات پابندی عائد کردی گئی تھی اور ہرشل گبس پر چھ ماہ کی پابندی لگادی گئی تھی۔ گبس نے یہ قبول کیا تھا کہ انھوں نے ناگپور ون ڈے میچ سے پہلے کرونیئے کی جانب سے میچ فکسنگ کی پیشکش قبول کی تھی۔ لیکن نکی بوئے ہمیشہ اس معاملے میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔ نکی بوئے نے 43 ٹیسٹ اور 115 ون ڈے کھیلنے کے بعد گزشتہ برس عالمی کرکٹ کو الوداعی کہہ دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :