انتخابات میں حصہ لینے والی کسی بھی جماعت کو میں کتاب کا نشان استعمال کرنیکی اجازت نہیں دوں گا ، قاضی حسین احمد

پیر 10 دسمبر 2007 19:34

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10دسمبر۔2007ء) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ انتخابات میں حصہ لینے والی کسی بھی جماعت کو میں کتاب کا نشان استعمال کرنیکی اجازت نہیں دوں گا ، اختلافات کے باوجود ایم ایم اے کا اتحاد قائم رہیگا ۔ ہم نے اے پی ڈی ایم سے کسی کو الگ نہیں کیا بلکہ انتخابات میں حصہ لینے والی (ن) لیگ سمیت دیگر جماعتوں نے خود اپنے راستے جدا کر لئے ہیں ۔

وہ گزشتہ روز عمران خان کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ ایم ایم اے کے اتحاد میں شامل جماعت اسلامی ، جمعیت علمائے پاکستان ( نورانی ) اور جمعیت علمائے پاکستان ( سینئر ) انتخابات کا مکمل طور پر بائیکاٹ کریں گی اور اے پی ڈی ایم جو بھی فیصلہ کرے گی ہم بھی اسکے پابند ہونگے اور ایم ایم اے کا اتحاد اب انتخابی اتحاد نہیں رہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے وہ رہنما جنہوں نے آئندہ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کروائے ہیں وہ جلوس کی شکل میں جا کر اپنے انتخابی حلقوں کے ریٹرننگ افسروں سے کاغذات نامزدگی واپس لینگے اور ہم یہاں سے ایک نئی تحریک کا آغاز بھی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کے ہوتے ہوئے شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں اور جب تک عدلیہ کو دو نومبر کی پوزیشن پر بحال نہیں کیا جاتا ملک میں آئین قانون کی بالا دستی اور جمہوریت کی بحالی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہم الیکشن کو ناکام بنانے کیلئے ملک گیر تحریک چلائینگے اور عوام سے کہا جائیگا کہ وہ انتخابات کا مکمل طو رپر بائیکاٹ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ اے پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں انتخابات میں حصہ لینے والی کسی جماعت یا رہنما کی کسی صورت صورت حمایت نہیں کرے گی ۔