ایم ایم اے کا اتحاد فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے ضروری ہے اسے ہر صورت برقرار رہنا چاہئے ۔قاضی حسین احمد۔۔۔انتخاب میں حصہ لیکر نواز شریف نے اے پی ڈی ایم سے مذاق کیا ہے‘نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 11 دسمبر 2007 14:28

اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبا ر تازہ ترین 11 دسمبر2007 ) متحدہ مجلس عمل کے صدر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ ایم ایم اے کا اتحاد فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنے کے حوالے سے ملک و قوم کیلئے بہت ضروری ہے اسے ہر صورت برقرار رہنا چاہئے انتخاب میں حصہ لیکر نواز شریف نے اے پی ڈی ایم سے مذاق کیا ہے کیونکہ پہلے انہوں نے ہی بائیکاٹ کا کہا تھا موقف میں اچانک تبدیلی حیران کن ہے ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کا اتحاد فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنے کے حوالے سے ملک و قوم کیلئے بہت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ مجلس عمل کے اتحاد نے مسلکی انتشار کو کم کیا ہے اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ اتحاد سیاسی نہ بھی ہو لیکن مذہبی و دینی اتحاد برقرار رہے انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد تمام مسالک کے لوگوں کوآپس میں مل بیٹھنے کی جگہ ہے اس کو برقرار رکھا جانا چاہئے قاضی حسین احمد نے کہا کہ مذہبی اور دینی جماعتوں کے درمیان اتحاد برقرار رہنے کا جہاں تک سیاسی مسائل اور انتخابات میں حصہ لینے کی بات ہے اس میں مجلس عمل میں شامل بعض پارٹیاں دباؤ کے باعث اپنے اپنے راستے پر چلی گئیں انہوں نے کہا کہ اے این پی نے تو بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ اگر پیپلزپارٹی اور جے یو آئی حصہ لے گی تو ہم انتخابات میں ضرور حصہ لیں گے لیکن مسلم لیگ ن کے اچانک موقف تبدیل کرنے پر حیرت ہوئی ہے کیونکہ 29 نومبر کے اجلاس میں میاں نواز شریف نے خود کہا تھا کہ جو انتخاب میں حصہ لے گا وہ اے پی ڈی ایم سے نکل جائے گا اے پی ڈی ایم نے پوری دنیا کے سامنے اعلان کیا کہ ہم انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے لیکن نواز شریف کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان حیران کن ہے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اے پی ڈی ایم سے مذاق کیا ہے قاضی حسین احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایم ایم اے کے سیکرٹری جنرل ہیں وہ اجلاس طلب کر سکتے ہیں-