حکومت سازی کے لیے نواز شریف سے اتحاد ہوسکتا ہے ق لیگ یا مولویوں سے نہیں، ق لیگ سرکاری حکام کی غیر قانونی حمایت سے ہی ووٹ حاصل کرسکتی ہے، بے نظیر بھٹو

بدھ 12 دسمبر 2007 11:21

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 12 دسمبر 2007) پاکستان پیپلزپارٹی کی چیئر پرسن بے نظیر بھٹو نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کو پہلے سے زیادہ سیٹیں مل سکتی ہیں لیکن امکان ہے کہ حکومت سازی کے لیے کسی بھی جماعت سے اتحاد کرنا پڑے گا نواز شریف سے اتحاد ہوسکتا ہے ق لیگ یا مولویوں سے نہیں۔ ایک امریکی اخبارکودیے گئے انٹرویو میں بے نظیر بھٹو نے امید ظاہر کی کہ 8 جنوری کو ہونے والے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی پہلے سے زیادہ سیٹیں حاصل کرے گی لیکن مضبوط حکومت بنانے کے لیے دوسری ہم خیال پارٹیوں سے کوششیں کی جارہی ہیں انہوں نے اس امکان کو بالکل رد کردیا کہ ان کا مسلم لیگ ق سے کسی قسم کا اتحاد ہوگا بے نظیر بھٹو نے کہا کہ نواز لیگ اور دیگر ہم خیال پارٹیوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے انہوں نے کہا کہ صدرمشرف ق لیگ کے حامی ہیں اور ان کے ہوتے ہوئے ق لیگ کی فتح کو کوئی بھی تسلیم نہیں کرے گا ملک میں مشرف کی حامی جماعت کو عوامی پذیرائی حاصل نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد حکومت سازی کے لیے نواز شریف سے بات چیت ممکن ہے لیکن صدر پرویزمشرف کی کنٹرولڈ جماعت اور مولوی سے اتحاد نہیں ہوسکتا انہوں نے کہا کہ عوام ق لیگ کے ساتھ نہیں اس جماعت کو تو اپنی حمایت کے لیے پولیس سرکاری لوگوں اور ہسپتال سٹاف کی ضرورت ہوتی ہے یہ جماعت سرکاری حکام کی غیر قانونی حمایت سے ہی ووٹ حاصل کرسکتی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے کسی کیس پرسزا نہیں ہوئی مجھ پر اورمیرے خاندان پرلگائے جانے والے الزامات سیاسی تھے جنہیں ثابت نہیں کیا جاسکتا ۔